محمڈن اسپورٹنگ کلب کے ممبران 1898 میں اس کے تیسرے سالانہ اجلاس کے بعد۔ اجلاس کی صدارت بنگال کے گورنر سر جان ووڈ برن نے کی۔ تصویر بشکریہ: محمدن اسپورٹنگ ان مسلم رینائسنس (1984) از بدیع الزمان
یستیاق احمد
مغربی بنگال کے معروف ترین فٹ بال کلبوں میں شمار ہونے والا محمڈن اسپورٹنگ کلب گزشتہ دو دہائیوں سے اپنے وجود اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہا ہے۔ تاہم حالات میں کوئی نمایاں تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔ یہی وجہ ہے کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب کا وہ بے مثال کریز اور مقبولی، جو 1990 کی دہائی تک اس کے شائقین میں موجود تھی، اب ماند پڑ چکی ہے۔
اکیسویں صدی کا محمڈن اسپورٹنگ کلب، بیسویں صدی کے محمڈن اسپورٹنگ کلب سے بالکل مختلف تھا ہے۔ اس زمانے میں یہ صرف ایک فٹ بال کلب نہیں تھا بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی
شناخت، خود اعتمادی اور سماجی وقار کی علامت بھی تھا۔

انیسویں صدی کے آخری برسوں اور بیسویں صدی کے ابتدائی دور کے نوآبادیاتی بھارتمیں کھیل کے میدان محض تفریح کا ذریعہ نہیں تھے، بلکہ وہ شناخت، حیثیت اور طاقت کی کشمکش کے اہم مراکز بن چکے تھے۔
1934 کی گرمیوں میں کلکتہ کے اخبارات نے ایک تاریخی کامیابی کا جشن منایا، جب محمڈن اسپورٹنگ کلب نے پہلی مرتبہ کلکتہ فٹ بال لیگ کا خطاب جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا کہ وہ اس لیگ کی فاتح بننے والی پہلی ہندوستانی ٹیم بن گئی۔ اس وقت کلکتہ فٹ بال لیگ پر طویل عرصے سے برطانوی ٹیموں کا غلبہ قائم تھا۔ بہت سے مبصرین کے نزدیک یہ صرف کھیل کے میدان میں ایک غیر معمولی کامیابی تھی، لیکن برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کے لیے یہ صرف فٹ بال کی فتح نہیں، بلکہ قومی وقار، خود اعتمادی اور اجتماعی شناخت کی علامت تھی۔
محمڈن اسپورٹنگ کلب کی یہ کامیابی دراصل اس وسیع سماجی، فکری اور ثقافتی بیداری کا نقطۂ عروج تھا، جو انیسویں صدی کے دوران ہندوستانی مسلمانوں میں پروان چڑھ رہی تھی۔
اس داستان کی جڑیں جنگِ پلاسی کے بعد کے دور میں ملتی ہیں۔ سراج الدولہ کی شکست اور برطانوی اقتدار کے استحکام نے بنگال کے مسلم اشرافیہ کے ایک بڑے حصے کو اقتدار اور اثر و رسوخ سے محروم کردیا۔ اس کے نتیجے میں مسلمانوں کو سیاسی زوال، معاشی بدحالی اور سماجی غیر یقینی کی ایک طویل کیفیت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس زوال کو روکنے کی ابتدائی کوششیں، جن میں تحریکِ وہابی، تحریکِ فرائضی اور 1857 کی جنگِ آزادی شامل تھیں، برطانوی راج کو چیلنج کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ چناں چہ انیسویں صدی کے اواخر تک متعدد مسلم دانشور اس نتیجے پر پہنچے کہ اجتماعی احیاء کا راستہ تعلیم، سماجی اصلاحات، ادب، ثقافت اور مضبوط اداروں کی تعمیر کے ذریعہ ہی ہوسکتا ہے۔ اسی اصلاحی تحریک کے بطن سے ایک ایسے مسلم اسپورٹنگ ادارے کا تصور بھی سامنے آیا جو قوم کی نمائندگی کر سکے۔

1880 کی دہائی میں کلکتہ کے تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کی امنگوں اور اجتماعی شعور کی ترجمانی کے لیے متعدد کلب قائم کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ ان میں جوبلی کلب نمایاں تھا، جسے 1887 میں خان بہادر نوابزادہ امین الاسلام اور دیگر ممتاز شخصیات نے قائم کیا۔ تاہم بانیوں کے جذبے اور خلوص کے باوجود تنظیمی مشکلات کے باعث یہ کلب زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا۔
اس کے بعد بھی کئی کوششیں کی گئیں۔ کریسنٹ کلب قائم کیا گیا، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے حمیدیہ کلب رکھ دیا گیا۔ لیکن یہ ادارے بھی مستقل بنیادوں پر اپنی شناخت قائم نہیں کر سکے۔ ان کی بار بار کی ناکامی جوش و جذبے کی کمی کی علامت نہیں تھی، بلکہ اس حقیقت کی غماز تھی کہ تعلیم یافتہ مسلمان اپنے ایسے ادارے قائم کرنے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہیںجو دیرپا ہوں، قوم کی نمائندگی کرے اور معاشرے کی مؤثر خدمت انجام دے سکے۔
یہ عزم بالآخر 1891میں محمدن اسپورٹنگ کلب کے قیام کی صورت میں حقیقت کا روپ دھار گیا۔
اس نئی تنظیم نے بہت جلد ممتاز مسلم رہنماؤں اور سرپرستوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ کلب کا پہلا جنرل اجلاس 19 جنوری 1892 کو کلکتہ مدرسہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اس عہد کے ممتاز مسلم مفکر اور قانون دان سید امیر علی نے کی۔ اس اجلاس میں بنگال کے مسلم معاشرے کی کئی نمایاں شخصیات پر مشتمل ایک ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ان بااثر شخصیات کی وابستگی نے نہ صرف کلب کو سماجی وقار اور عوامی قبولیت عطا کی بلکہ اس کی آئندہ ترقی اور اثر و رسوخ کی مضبوط بنیاد بھی رکھی۔
کلب کو ڈھاکہ کے نواب احسن اللہ سمیت متعدد بااثر مسلم رہنماؤں کی سرپرستی بھی حاصل تھی۔ انہی کی معاونت سے نواب احسن اللہ کرکٹ ٹورنامنٹ اور امیر حسین ہاکی کپ جیسے مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوا، جنہوں نے منظم کھیلوں کو ابھرتے ہوئے مسلم سماجی و عوامی حلقوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ابتدا ہی سے محمڈن اسپورٹنگ کا تعارف محض ایک فٹ بال کلب نہیں تھا۔ اس کے پلیٹ فارم سے فٹ بال، کرکٹ اور ٹینس سمیت مختلف کھیلوں کو فروغ دیا گیا، جو کھیلوں کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی اور ادارہ سازی کے عزم کا اظہار تھا۔ تاہم نوآبادیاتی دور کی دیگر مقامی کھیل تنظیموں کی طرح اس کلب کو بھی مناسب کھیل کے میدان کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ یہ مسئلہ عارضی طور پر اس وقت حل ہوا جب کلب کے صدر نواب امیر حسین خان کی کوششوں سے محمدن اسپورٹنگ کو کلکتہ بوائز اسکول کے گراؤنڈ میں ہفتے میں تین دن کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ بعد ازاں کلب نے آؤٹ رم اسٹریٹ کے قریب اپنا مستقل میدان بھی حاصل کر لیا۔
آج یہ پیش رفت شاید معمولی محسوس ہو لیکن اس زمانے میں اس کی علامتی اہمیت غیر معمولی تھی۔ ایسے دور میں جب کھیلوں کے ممتاز اداروں اور سہولتوں پر یورپیوں اور دیگر مراعات یافتہ طبقات کا غلبہ تھا، محمڈن اسپورٹنگ نے مسلم نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں وہ منظم ہو سکتے تھے، اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکتے تھے اور ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کر سکتے تھے۔ یہ ادارہ صرف تفریح کا مرکز نہیں تھا بلکہ اس نے نوجوانوں میں خود اعتمادی، اجتماعی شعور اور مسلم شناخت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
کلب کی ابتدائی کامیابیوں نے اس کے بڑھتے ہوئے عزائم اور اثر و رسوخ کو نمایاں کر دیا۔ 1902 سے 1906کے درمیان، جب ملک کے بڑے فٹ بال مقابلوں میں صرف چند ہندوستانی ٹیمیں ہی باقاعدگی سے حصہ لیتی تھیں، محمڈن اسپورٹنگ مسلسل ایک نمایاں ہندوستانی ٹیم کے طور پر ابھرتی رہی۔ کوچ بہار کپ جیسے اہم ٹورنامنٹس میں اس کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف اس کی ساکھ کو مضبوط کیا بلکہ اس کی شہرت بنگال کی سرحدوں سے نکل کر پورے برصغیر تک پھیلنے لگی۔

تاہم، 1930 کی دہائی وہ دور تھا جب محمڈن اسپورٹنگ ایک کھیلوں کے ادارے سے بڑھ کر تاریخ ساز سماجی اور ثقافتی علامت میں تبدیل ہو گیا۔
اس تبدیلی کا اہم موڑ 1931 میں آیا۔ نئی قیادت اور مؤثر انتظامیہ کے تحت کلب نے ایک پرعزم مہم کا آغاز کیا، جس کا دائرہ بنگال سے باہر تک پہنچ گیا۔ اسی سال محمڈن اسپورٹنگ نے بمبئی جا کر ملک کے معتبر روورز کپ میں شرکت کی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ بنگال کی کسی مسلم فٹ بال ٹیم نے اپنے صوبے سے باہر جا کر اتنے بڑے قومی مقابلے میں حصہ لیا۔
اگرچہ ٹیم سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی، لیکن اس سفر نے پورے ملک میں غیر معمولی جوش و خروش پیدا کر دیا۔ اخبارات نے کھلاڑیوں کی بھرپور ستائش کی، جب کہ اسلام جم خانہ اور بنگال کلب جیسی تنظیموں نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریبات منعقد کیں۔ اس دورے کی اہمیت محض کھیل کے نتائج تک محدود نہیں تھی۔ ہندوستان بھر کے مسلمانوں کے لیے محمڈن اسپورٹنگ اب تیزی سے اجتماعی فخر، خود اعتمادی اور امید کی علامت بنتا جا رہا تھا۔
اگلے ہی برس ٹیم نے لکھنؤ کا رخ کیا، جہاں اس کے ننگے پاؤں کھیلنے والے فٹبالرز نے اپنی غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور بے مثال عزم سے تماشائیوں اور ماہرین کو حیران کر دیا۔ اسی سفر کے دوران کلب نے ہزاروں شائقین کی موجودگی میں کوچ بہار شیلڈاپنے نام کی۔ اس فتح نے نہ صرف ٹیم کا اعتماد کئی گنا بڑھا دیا بلکہ ملک بھر کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی محمڈن اسپورٹنگ کا حصہ بننے کی ترغیب دی، جس سے کلب کی طاقت اور مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔

اس جذبے کا سب سے نمایاں اظہار حبیب اللہ بہار کے فیصلے میں نظر آتا ہے۔ انہوں نے ایک فرسٹ ڈویژن کلب کو چھوڑ کر اس وقت محمدن اسپورٹنگ میں شمولیت اختیار کی جب یہ کلب ابھی سیکنڈ ڈویژن میں کھیل رہا تھا۔ روایت ہے کہ ان کا یہ فیصلہ محض کھیل کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی ترقی اور وقار کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنے کے جذبے سے متاثر تھا۔ اس وقت تک محمڈن اسپورٹنگ ایک ایسے مقصد اور نظریے کی علامت بن چکا تھا جو کھیل کی حدود سے کہیں آگے بڑھ چکا تھا۔
1933 میں محمڈن اسپورٹنگ نے سیکنڈ ڈویژن لیگ کا خطاب جیت کر فرسٹ ڈویژن میں جگہ بنا لی۔تاہم، اصل امتحان ابھی باقی تھا۔ اس زمانے میں کلکتہ فٹ بال لیگ پر برطانوی فوجی ٹیموں کی مضبوط اجارہ داری قائم تھی۔ یہ ٹیمیں سلطنتِ برطانیہ کے مختلف حصوں سے منتخب کیے گئے تربیت یافتہ فوجیوں پر مشتمل ہوتی تھیں، جنہیں بہترین سہولتیں، جدید تربیت اور جسمانی برتری حاصل تھی۔
ابتدائی مرحلے میں محمڈن اسپورٹنگ کو ان طاقتور حریفوں کا مقابلہ کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ ڈرہم ملٹری ٹیم کے خلاف ایک بھاری شکست نے یہ حقیقت واضح کر دی کہ بوٹ پہن کر کھیلنے والی ٹیموں کے مقابلے میں ننگے پاؤں کھیلنا ایک بڑی کمزوری ہے۔ اس تجربے کے بعد کھلاڑیوں نے بوٹ پہننے کا فیصلہ کیا۔ یہ تبدیلی محض لباس کی نہیں بلکہ سوچ کی بھی تبدیلی تھی۔ اس کے نتیجے میں ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، اور جلد ہی دیگر ہندوستانی ٹیموں نے بھی اس کی پیروی شروع کر دی۔
پھر1934 کا وہ تاریخی سیزن آیا جس نے ہندوستانی فٹ بال کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔
اپنے پہلے ہی فرسٹ ڈویژن میچ میں محمڈن اسپورٹنگ نے کلکتہ کے فٹ بال حلقوں کو اس وقت حیران کر دیا جب اس نے اپنے حریف کو 4-1سے شکست دے دی۔ پورے سیزن کے دوران ٹیم نے ایک کے بعد ایک مضبوط حریف کا مقابلہ کیا اور بتدریج چیمپئن شپ کی سنجیدہ دعوے دار بن کر سامنے آئی۔ ہر میچ کے ساتھ اس کا اعتماد، نظم و ضبط اور کھیل کا معیار بہتر ہوتا گیا۔
بالآخر لیگ کے ٹائٹل کا فیصلہ کالی گھاٹ کلب کے خلاف ہونے والے اہم مقابلے پر آ کر ٹھہرا۔ محمڈن اسپورٹنگ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-1سے کامیابی حاصل کی اور پہلی مرتبہ کلکتہ فٹ بال لیگ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
یہ صرف ایک کھیلوں کی کامیابی نہیں تھی بلکہ ایک تاریخی انقلاب تھا۔ پہلی بار کسی ہندوستانی ٹیم نے برطانوی فوجی کلبوں کی طویل عرصے سے قائم اجارہ داری کو توڑتے ہوئے ملک کے سب سے معتبر فٹ بال مقابلے پر قبضہ کیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس فتح کو نوآبادیاتی ہندوستان کے مسلمانوں نے محض ایک ٹرافی کی جیت نہیں بلکہ اپنی اجتماعی عزت، وقار اور صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر دیکھا۔
اخبارات نے اس کامیابی کو غیر معمولی جوش و خروش کے ساتھ سراہا۔ 6 جولائی 1934 کو کلکتہ کے تقریباً تمام بڑے اخبارات نے محمڈن اسپورٹنگ کی فتح کو نمایاں سرخیوں کے ساتھ شائع کیا۔ دی اسٹار آف انڈیا نے اپنی تاریخی سرخی میں لکھاتھا کہ
’’وہ آئے، انہوں نے دیکھا، اور انہوں نے فتح حاصل کر لی۔ ان کی یہ کامیابی اس لیے بھی زیادہ قابلِ ستائش ہے کہ وہ کلکتہ فٹ بال لیگ جیتنے والی پہلی ہندوستانی ٹیم بن گئے ہیں۔ محمڈن اسپورٹنگ نے اس فتح کے ساتھ کلکتہ فٹ بال کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
کھیل کے مبصرین نے اس کامیابی کو ہندوستانی فٹ بال کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن سنگِ میل قرار دیا۔ ان کے نزدیک یہ صرف ایک ٹیم کی فتح نہیں تھی بلکہ کھیل کے میدان میں برطانوی بالادستی کو پہلی مرتبہ حقیقی چیلنج دینے کا لمحہ تھا۔
اس تاریخی کامیابی میں ٹیم کے کئی ممتاز کھلاڑیوں نے کلیدی کردار ادا کیا، جن میں افسانوی فٹبالر صمدسب سے نمایاں تھے۔ ان کی غیر معمولی مہارت کا اعتراف برطانوی پریس نے بھی کیا۔ معروف اخبار دی اسٹیٹسمین نے انہیں صدی میں ایک بار پیدا ہونے والا کھلاڑی قرار دیا، جو ان کی صلاحیتوں، کھیل پر اثراندازی اور اپنی نسل کے عظیم ترین فٹ بالرز میں شمار کیے جانے کا واضح اعتراف تھا۔
اس فتح کی گونج کھیل کے میدان سے نکل کر پورے برصغیر میں سنائی دی۔ بنگال کے گورنر نے کلب کو مبارک باد کا پیغام بھیجا، جبکہ محمڈن اسپورٹنگ کو پانچ سو سے زائد تہنیتی ٹیلی گرام موصول ہوئے۔ برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے اس کامیابی کو اپنی اجتماعی کامیابی کے طور پر منایا۔ شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں اس پر صرف ایک کھیلوں کی فتح کے طور پر نہیں بلکہ نوآبادیاتی نظام میں اپنی شناخت، عزت اور مقام منوانے کی جدوجہد کرنے والی ایک پوری برادری کی کامیابی کے طور پر گفتگو ہوئی۔
محمڈن اسپورٹنگ کی یہ فتوحات مسلمانوں کے لیے ایک نفسیاتی اور سماجی موڑ بھی ثابت ہوئیں۔ انہوں نے اس تصور کو چیلنج کیا کہ مسلمان جدید اداروں اور مسابقتی میدانوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل نہیں کر سکتے۔ اس کلب نے اپنے نظم، اجتماعی شعور، منصوبہ بندی اور مسلسل محنت کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ مضبوط ادارے اور منظم کوششیں کسی بھی معاشرے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
محمڈن اسپورٹنگ کی اس تاریخی کامیابی کی علامتی اہمیت آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوتی گئی۔ 1934 سے 1941کے درمیان کلب نے سات مرتبہ کلکتہ فٹ بال لیگ کا اعزاز حاصل کیا اور ہندوستانی فٹ بال پر اپنی برتری قائم رکھی۔ اس شاندار سلسلے میں صرف 1939ایک استثنا تھا، جب محمڈن اسپورٹنگ نے ریفریوں کے جانبدارانہ فیصلوں اور انتظامی ناانصافی کے خلاف احتجاجاً کلکتہ فٹ بال لیگ کا بائیکاٹ کر دیا۔
کلب نے انڈین فٹ بال ایسوسی ایشن (IFA) کے سامنے متعدد شکایات کیں، لیکن جب ان پر کوئی مؤثر کارروائی نہ ہوئی تو انتظامیہ اس نتیجے پر پہنچی کہ لیگ میں شرکت جاری رکھنا ناانصافی کو خاموشی سے قبول کرنے کے مترادف ہوگا۔ چنانچہ محمدن اسپورٹنگ نے لیگ سے دستبرداری اختیار کر لی۔ اس فیصلے کے بعد ایسٹ بنگالاور کالی گھاٹ کلب نے بھی لیگ کا بائیکاٹ کیا، جس سے بنگال کی فٹ بال دنیا میں ایک بڑا انتظامی بحران پیدا ہو گیا۔ اسی تنازع کے نتیجے میں بعد ازاں بنگال فٹ بال ایسوسی ایشن (BFA)وجود میں آئی، جو IFA کی ایک متبادل تنظیم کے طور پر ابھری۔
انتظامی تنازعات، متنازع فیصلوں، افواہوں اور مالی مشکلات کے باوجود محمڈن اسپورٹنگ نے ہندوستانی فٹ بال میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ 1941میں کلب نے بیس میچوں میں کامیابی حاصل کی، صرف دو مقابلے برابر رہے اور پورا سیزن ناقابلِ شکست رہ کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
اسی عرصے میں محمڈن اسپورٹنگ نے ہندوستانی فٹ بال کی تقریباً تمام بڑی ٹرافیاں اپنے نام کیں، جن میں روورز کپ، ڈورنڈ کپ اور آئی ایف اے شیلڈ (IFA Shield) شامل تھیں۔ اس مرحلے تک یہ کلب نہ صرف ہندوستان بلکہ ایشیا کی کامیاب ترین فٹ بال ٹیموں میں شمار ہونے لگا تھا، جبکہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے یہ فخر، اعتماد اور اجتماعی شناخت کی ایک مضبوط علامت بن چکا تھا۔
کلب کی ان کامیابیوں کو اس دور کے ممتاز مسلم سیاسی اور فکری رہنماؤں نے بھی غیر معمولی اہمیت دی۔ بنگال کے وزیر اعظم اے کے فضل الحق نے محمڈن اسپورٹنگ کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا:
’’محمڈن اسپورٹنگ فٹ بال کی دنیا کا ایک نیا عجوبہ ہے۔ کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ ایک ہی سال میں لیگ، روورز کپ، ڈورنڈ کپ، ڈی مونٹمورینسی کپ اور آئی ایف اے شیلڈ جیتی جا سکتی ہیں، مگر محمڈن اسپورٹنگ نے اس ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ اس کی یہ لافانی فتوحات ہندوستانی مسلمانوں کی قومی زندگی کے لیے بھی غیر معمولی ترغیب ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے منتشر مسلمانوں کو یہ سبق دیا ہے کہ حقیقی ٹیم ورک اور اجتماعی کوشش ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتی ہے۔
اسی طرح ممتاز صحافی، مفکر اور سیاست دان مولانا اکرم خان نے لکھاکہ
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ مسلم ہندوستان کی سیاسی زندگی میں بیداری کی جو ابتدائی لہر آج نظر آتی ہے، اس کی ایک جھلک کھیل کے میدان سے بھی ابھری تھی۔ محمڈن اسپورٹنگ کی مسلسل فتوحات نے مسلمانوں میں کامیابی کی خواہش اور خود اعتمادی کو جنم دیا۔ اس نے انہیں یہ یقین دلایا کہ اگر ذہنی قوت، احساسِ ذمہ داری، یکسوئی اور محنت موجود ہو تو کوئی قوم خواہ کتنی ہی کمزور کیوں نہ ہو، اسے مٹایا نہیں جا سکتا۔ فتح آخرکار اسی کا مقدر بنتی ہے۔
محمڈن اسپورٹنگ کی فتوحات کا اثر صرف سیاست یا سماج تک محدود نہیں رہا بلکہ ادب اور ثقافت پر بھی گہرا پڑا۔ قاضی نذر الاسلام، غلام مصطفیٰ اور عزیز الرحمن جیسے نامور شعراء اور ادیبوں نے اپنی نظموں اور تحریروں میں کلب کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ ادبی اعتراف اس حقیقت کا مظہر تھا کہ محمڈن اسپورٹنگ محض ایک کھیلوں کا ادارہ نہیں تھا بلکہ نوآبادیاتی ہندوستان میں مسلم امنگوں، خود اعتمادی اور اجتماعی شناخت کی ایک طاقتور ثقافتی علامت بن چکا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ کھلاڑی خود کو صرف ایک ٹیم کا حصہ نہیں بلکہ ایک وسیع تر مسلم برادری کا نمائندہ سمجھنے لگے، جبکہ شائقین بھی ٹیم کی کامیابیوں اور ناکامیوں کو محض کھیل کے نتائج کے طور پر نہیں بلکہ اپنی اجتماعی عزت، شناخت اور وقار سے جوڑ کر دیکھنے لگے۔
یہ تبدیلی برطانوی راج کے آخری پُرآشوب عشروں میں خاص طور پر اہمیت اختیار کر گئی۔ اس زمانے میں سیاسی کشمکش شدت اختیار کر رہی تھی، نمائندگی اور آئینی اصلاحات پر مباحث عوامی زندگی پر حاوی تھے، اور مسلم شناخت کا سوال مسلسل مرکزی حیثیت اختیار کرتا جا رہا تھا۔ جہاں سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کا اثر اکثر تعلیم یافتہ اور اشرافیہ کے محدود حلقوں تک رہتا تھا، وہیں محمڈن اسپورٹنگ نے کھیل کی عالمگیر زبان کے ذریعے عام مسلمانوں تک رسائی حاصل کی اور انہیں ایک مشترکہ مقصد کے گرد متحد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
محمدن اسپورٹنگ کی تاریخ اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ کھیل محض تفریح یا مقابلے کا نام نہیں بلکہ سماجی اور ثقافتی تبدیلی کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس کلب نے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جس کے ذریعے ایک پوری برادری نے اپنی اجتماعی امنگوں کا اظہار کیا، احساسِ محرومی پر قابو پایا اور اپنے اندر اعتماد، وقار اور خود اعتمادی پیدا کی۔ اسی لیے محمڈن اسپورٹنگ نے فٹ بال کو صرف ایک کھیل نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک سماجی تحریک اور تہذیبی شناخت میں تبدیل کر دیا۔ کھیل کے ذریعے قائم ہونے والا یہی اتحاد اس دور کی بہت سی سیاسی کشمکش سے زیادہ دیرپا ثابت ہوا اور آج بھی ایسے معاشرے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے جو مشترکہ شناخت، باہمی اعتماد اور اجتماعی ہم آہنگی کی تلاش میں ہے۔
