نئی دہلی:انصاف نیوز نیٹ ورک:
دہلی کی ایک عدالت نے آج جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے اسکالرز عمر خالد اور شرجیل امام کی جانب سے دائر کی گئی نئی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ یہ دونوں 2020 کے دہلی کے فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں ”بڑی سازش“ کے الزام میں تقریباً چھ سال سے قید ہیں۔
سپریم کورٹ نے رواں سال جنوری میں ان کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔ مئی میں، ایک الگ بنچ نے اس متنازع حکم کے فیصلے پر شک کا اظہار کیا تھا۔
لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق کرکرڈوما عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی نے دونوں ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
عمر خالد کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے، سینئر ایڈوکیٹ تریدیپ پائس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خالد کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر اور امام ایک سال تک ضمانت کے لیے درخواست نہیں دے سکتے، لیکن اس دوران محفوظ گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔
پائس نے ٹرائل میں تاخیر اور عدالتِ عظمیٰ کے اس حکم کا ذکر کیا جس کے تحت اسی متنازع ‘سازش’ کے کیس کے دیگر ملزمان تسلیم احمد اور خالد سیفی کو
چھ ماہ کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی۔
لائیو لا کے مطابق، پائس نے عمر خالد کی جانب سے دلیل دیتے ہوئے کہاکہ میرے موکل مسلسل حراست میں ہے۔ یہاں تک کہ جب میں نے ایس ایل پی خصوصی اجازت کی درخواست دائر کی۔اگر مجھے میرٹ پر دلائل دینے ہیں تو میں تیار ہوں۔ لیکن خلاصہ یہ ہے کہ کوئی برآمدگی نہیں ہوئی، کوئی ایسا بیان نہیں ہے جو کسی دریافت کا سبب بنے، میں وہاں موجود نہیں ہوں، تشدد کا کوئی الزام نہیں ہے، صرف ایک ویڈیو ہے جو امراوتی میں 17 دن پرانی ہے۔ میں عرض کرتا ہوں کہ میں ضمانت کا حقدار ہوں۔”
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرجیل امام کے لیے، ایڈوکیٹ طالب مصطفیٰ نے بھی اسی طرح کی دلیل دی کہ ٹرائل کے جلد ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
5 جنوری کے اس حکم میں جس میں سپریم کورٹ نے ان دونوں کی ضمانت مسترد کی تھی، گلفشاں فاطمہ، میرہ حیدر، شفا الرحمن، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو ضمانت دے دی گئی تھی۔
