لاتور:
مہاراشٹر کے ضلع لاتور میں چوری کے الزام کے بعد مراٹھا برادری سے تعلق رکھنے والے چند افراد کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر تین مسلم اسکولی بچوں کو ایک کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے زدوکوب کیا گیا۔ دوسری طرف پولس نے ابتدا میں عوامی غم و غصے کے بعد مبینہ حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے پہلے خود متاثرین کے خلاف کیس درج کیاتھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 10 جولائی کو لاتور کے رینا پور تعلقہ کے گاؤں کھارولہ میں پیش آیا۔ 13 سے 15 سال کی عمر کے متاثرین کو ایک گروپ نے بیلٹ، بجلی کے تاروں اور پائپوں سے مبینہ طور پر زدوکوب کیاحملے کی ایک ویڈیو، جو مبینہ طور پر ایک حملہ آور نے اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کی تھی، بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ایک بچے کے والد نے بتایا کہ وہ اور دوسرے متاثرین کے والدین یہ جاننے کے بعد جائے وقوعہ کی طرف بھاگے کہ بچوں کو کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے پیٹا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جب انہوں نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے انہیں گالیاں دیں اور دھمکیاں دیں، جس سے وہ بچوں کی زندگیوں کے بارے میں خوفزدہ ہو گئے۔
حملے کو روکنے میں ناکام رہنے پر، وہ تقریباً سات کلومیٹر دور ایک پولیس اسٹیشن پہنچے، جس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچوں کو بچایا۔
حملے کے بعد بچوں کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک والد نے الزام لگایا کہ بیلٹ، بجلی کے تاروں اور پائپوں سے پیٹے جانے کے بعد ان کے جسموں پر نیل کے نشانات پڑ گئے تھے۔
جب اہل خانہ ہسپتال میں تھے، تو ملزمان میں سے ایک نے حملے کی ایک ویڈیو شیئر کی، جو تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔
پولیس نے بتایا کہ افسران نے جائے وقوعہ پر مداخلت کی اور بچوں کو ہجوم سے جسمانی طور پر بچایا۔ تاہم حملے کا عینی شاہد ہونے کے باوجود، انہوں نے مبینہ حملہ آوروں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج نہیں کی۔
اس دوران رات تقریباً 10 بجے، ایک مبینہ مرکزی ملزم سچن راؤت راؤ نے تینوں لڑکوں پر چوری کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی تھی۔ ڈی ایس پی مایانے نے تصدیق کی کہ راؤت راؤ شکایت درج کرانے پولیس اسٹیشن آیا تھا۔
پولیس نے متاثرین کے والدین میں سے ایک کی طرف سے دائر شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے راؤت راؤ کی شکایت درج کی۔
حملے اور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے درمیان 10 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر گیا، جس کے دوران دو مبینہ حملہ آور سچن راؤت راؤ اور نتن شندے لاپتہ ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق، چھ دیگر ملزمان کو بعد میں گرفتار کیا گیا، مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور دو دن بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
شروع میں، متاثرہ خاندان کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں صرف دو افراد کے نام شامل تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعد میں پولیس نے مزید چھ ملزمان سنتوش راؤت راؤ، بابلی کالے، دتا جادھو، بالو سوریاونشی، گنیش بھوپی اور دشرتھ بھوپی کے نام شامل کیے۔
اگرچہ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ اس حملے کا کوئی فرقہ وارانہ رخ نہیں تھا، لیکن متاثرین کے والدین نے الزام لگایا کہ حملہ آوروں نے حملے کے دوران فرقہ وارانہ اور ذات پات پر مبنی نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ ایک والد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پولیس نے خاندان کو مشورہ دیا کہ وہ اس کیس کے سلسلے میں بچوں کی مسلم شناخت کو نمایاں نہ کریں۔
کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی ڈاکٹر سید ناصر حسین نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت نے ’’ایسا ماحول‘‘پیدا ہونے دیا ہے جس میں ’’مسلم اسکولی بچوں کو بھی نفرت اور ہجوم کے تشدد سے نہیں بخشا جا رہا۔
کھارولہ گاؤں میں 1500سے زیادہ گھرانے ہیں، جن میں 300 سے زیادہ مسلم گھرانے اور 500 سے زیادہ مراٹھا گھرانے شامل ہیں۔ گاؤں کے بہت سے مسلمان، جن کا تعلق زیادہ تر دیگر پسماندہ طبقات سے ہے، بے زمین مزدور ہیں جو اپنی روزی روٹی کے لیے مراٹھا زمینداروں پر انحصار کرتے ہیں۔
