نلنجن مکھوپادھیائے
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے اور ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والے بڑھتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کے درمیان، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 13 اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر اور ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا سختی سے دفاع کیا۔ شاہ نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر ’’ووٹ بینک کی سیاست‘‘کے لیے گھس بیٹھئے (انفلٹریٹرز) کی ’’پشت پناہی‘‘کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا۔
شاہ نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا انتخابات کو ’’آزادانہ اور منصفانہ‘‘ رکھنے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر رہا ہے اور ایس آئی آر کا مقصد فہرستوں سے ’’غیر ملکیوں‘‘ کو نکالنا ہے، ان کا اشارہ اس طرف تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرستوں سے ہٹائے گئے 13.93کروڑ ووٹرز میں وہ گھس بیٹھئے بھی شامل ہیں جنہیں راہل گاندھی اب بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے حذف کیے گئے ووٹرز کی اتنی بڑی تعداد میں ’’غیر ملکیوں‘‘ کی تعداد کے بارے میں کوئی ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔ یہ کچھ زیادہ حیران کن نہیں ہے کیونکہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی درخواستوں پر مبنی میڈیا رپورٹس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ نہ تو الیکشن کمیشن اور نہ ہی وزیر داخلہ کے پاس کسی ’’حذف شدہ‘‘ووٹر کو’’غیر ملکی‘‘ یا ’’ہندوستانی‘‘ کے طور پر ٹیگ کرنے کا کوئی طریقہ کار یا عمل موجود تھا۔
شاہ نے مبہم اور عمومی دعوے کیے’’کئی جگہوں پر 30 فیصد، 20 فیصد، 15 فیصد، 11 فیصد گھس بیٹھئے پکڑے گئے‘‘ انہوں نے کہاکہ انہوں نے ووٹر فہرستوں کی منظم ’’صفائی‘‘ کو ’’گھس بیٹھئوں‘‘کے ذریعے ہونے والی آبادیاتی تبدیلی کے خلاف ایک اہم رکاوٹ کے طور پر پیش کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ ایسا کرتے ہوئے شاہ نے نہ صرف حکومت کی سیاسی اور انتظامی ترجیحات کو واضح کیا بلکہ سنگھ پریوار کے بنیادی سیاسی نظریے کی بھی توثیق کی، جسے وہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے مسلسل دہراتا رہا ہے۔
شاہ کا یہ دعویٰ کہ جن لوگوں کے نام فہرستوں سے حذف کیے گئے ہیں وہ غیر قانونی طور پر سرحد پار سے آنے والے تارکینِ وطن تھے، جنہیں ’’پچھلی حکومتوں کی ملی بھگت والی پالیسیوں‘‘کے ذریعے یہاں بسایا گیا، ایک نظریاتی پلے بک سے زیادہ کچھ نہیں ہے جسے سنگھ پریوار کے رہنماؤں اور نظریات دانوں نے 1940 کی دہائی کے وسط میں اس وقت لکھنا شروع کیا تھا جب تقسیمِ ہند ناگزیر نظر آنے لگی تھی۔
نیا بیانیہ، پرانا نظریہ
شاہ کا یہ بیانیہ، اگرچہ جولائی سے زوال پذیر بی جے پی کی قسمت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اہم ہے، لیکن اسے اس سیاسی نقطہ نظر کی عکاسی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے جو آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا میں پروان چڑھا، جن کے نظریات 1946 اور 1950 کے درمیان پیش آنے والے واقعات پر مبنی ہیں۔ یہ وہ وقت تھا جب برصغیر تقسیم ہند کے نتیجے میں ہونے والی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے اثرات سے جوجھ رہا تھا۔
وہ نظریاتی فرق جو آر ایس ایس-بی جے پی اور دیگر ہندو قوم پرستوں نے ہندو اور سکھ (نیز جین/بدھ، اگرچہ ان کی تعداد معمولی ہے) نقل مکانی کے متاثرین اور مسلم تارکینِ وطن کے درمیان قائم کیا، وہ عصری سرحدی سیاست کا کوئی نیا پہلو نہیں ہے۔ یہ 1946 اور 1952 کے درمیانی اہم دور میں قائم ہوا تھا اور سنگھ پریوار کے سیاسی نقطہ نظر کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ شہریت (ترمیم) ایکٹ 2019 اور ایس آئی آر کے پیچھے بھی یہی منطق تھی۔
یہاں تک کہ جیسے ہی تقسیمِ ہند ایک امکان سے حقیقت میں بدلی، آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا نے اس بڑے پیمانے پر انسانی نقل مکانی کو دو برادریوں کو متاثر کرنے والے ایک انسانی المیے کے طور پر دیکھنے کے بجائے ایک سخت مذہبی تقابل میں دیکھنا شروع کر دیا۔ جدید ہندوستان میں، جہاں پاکستان (مشرقی اور مغربی) سے ہندوؤں اور سکھوں کے بڑے پیمانے پر نکلنے کے بارے میں کافی آگاہی موجود ہے، وہاں دونوں اطراف سرحد پار سے مسلم واپسی کرنے والوں کی بڑی تعداد اور ان کی نقل مکانی کی حد اور اسباب کے بارے میں بہت کم معلومات اور سمجھ بوجھ ہے۔
آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا کے ایکو سسٹم نے شروع ہی سے صرف ایک طرف کے انسانی بہاؤ کو اپنے بیانیے میں شامل کرنے کا انتخاب کیا۔ یہی نقطہ نظر آج کے’’گھس بیٹھئے‘‘ اور آبادیاتی توازن کے سیاسی دعووں کی رہنمائی کرتا ہے۔
جب نریندر مودی اور شاہ نے 2014 میں لوک سبھا الیکشن کی مہم کے دوران ہندی لفظ ’’گھس بیٹھیا‘‘ اور ’’انفلٹریشن/غیر قانونی تارکینِ وطن‘‘کے بیانیے کا استعمال شروع کیا، تو ایسا لگا جیسے وہ کوئی نیا طعنہ متعارف کروا رہے ہیں۔ لیکن اس لیبل کا استعمال ان کے لیے دراصل ایک ثانوی فطرت تھی، کیونکہ جس نظریاتی مکتبِ فکر سے وہ تعلق رکھتے ہیں وہ 1940 کی دہائی کے آخر سے یہی زہر اگل رہا ہے۔
گھس بیٹھیا بمقابلہ پناہ گزین کا تقابل
وینائک دمودر ساورکر کی 1923 کی کتاب ’’ایسینشلز آف ہندوتوا‘‘ ، جس نے آر ایس ایس کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، نے یہ پیش کیا کہ ہندوستان ہندوؤں، سکھوں، جینوں اور بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے آباؤ اجداد کی زمین (پتر بھومی) اور مقدس زمین (پونیہ بھومی) دونوں ہے۔ اس نقطہ نظر سےمغربی اور مشرقی پاکستان سے پسِ تقسیم ہندوستان میں آنے والے تمام غیر مسلموں کو بے بس متاثرین یا پناہ گزین کے طور پر نہیں دیکھا گیا، بلکہ انہیں ’’متاثرہ ہیرو‘‘ (شرنارتھی) کے طور پر درجہ بند کیا گیا جنہوں نے مادرِ وطن کی تقسیم کی قیمت چکائی تھی اور ان کا خیال رکھا جانا ضروری تھا۔
آر ایس ایس نے ایسا اپنے کیڈرز کو رفیوجیوں کیمپوں میں تعینات کر کے اور نقل مکانی کرنے والوں کو بھاگنے والے مسلمانوں کی چھوڑی ہوئی جائیدادوں پر ’’آباد‘‘کیا۔ایک ایسا اقدام جس نے ہندو قوم پرستوں کو ان کی تکلیفوں اور مشقتوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے قابل بنایا۔ مسلمانوں کے خلاف جو نفرت بعد میں پروان چڑھی اس نے آر ایس ایس اور اس کی ابھرتی ہوئی ملحقہ تنظیموں، جیسے بھارتیہ جن سنگھ، کو سیاسی مقبولیت حاصل کرنے میں مدد دی۔
یہ دلیل دی گئی کہ چونکہ ہندوستان صرف ہندوؤں کی پتر بھومی اور پونیہ بھومی ہے، اس لیے مسلمان اس ملک میں ‘غیر تھے۔ مسلمانوں کو ایک اسلامی ریاست کا مطالبہ کرنے کے سیاسی انتخاب کے ذمہ دار کے طور پر بھی پیش کیا گیا، اور اس لیے مسلم تارکینِ وطن پریشان حال شہری نہیں تھےجیسا کہ ہندو اور سکھ تھے بلکہ ایک ممکنہ ’’پانچواں کالم‘‘ تھے جو ہمیشہ پاکستان کےلئے کام کریں گے۔
نہرو-لیاقت معاہدے1950 پر جے پرکاش نارائن، سچن سینال اور خاص طور پر شیاما پرساد مکھرجی کا نہرو کابینہ سے ڈرامائی استعفیٰ، آزاد ہندوستان میں پہلا بڑا نظریاتی شقاق تھا، جس نے سنگھ پریوار کی اس بنيادی شکایت کو مستحکم کیا کہ سیکولر ریاست ناسمجھی میں مسلمانوں کی واپسی میں سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ ہندو پناہ گزینوں کو مناسب مقدار میں بحال نہیں کر رہی۔
دونوں سرحدوں پر مسلم واپسی کرنے والوں کے خلاف آر ایس ایس کی مزاحمت نے ’’پناہ گزین‘‘(شرنارتھی) بمقابلہ ’’گھس بیٹھیا‘‘ کے تقابل کے لیے بنیادی بنیاد فراہم کی، جسے اب ووٹر فہرستوں کے اندر دوبارہ شکل دی گئی ہے۔ یہ ایک آٹھ دہائیوں پرانا فریم ورک ہے جو بی جے پی کو ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر کے اپنے دفاع کو اخلاقی طور پر درست اور سیاسی طور پر قوم پرستانہ اقدام کے طور پر پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
لہٰذا، شاہ کے تازہ ترین دعوے صرف ان دو الگ الگ لیبلوں کے استعمال کا اعادہ کرتے ہیں، ایک ہمدردانہ اور سمجھدار، دوسرا نادم اور واپس آنے والے مسلمانوں کے مقاصد پر شک کرنے والا۔ یہ واضح ہے کہ شاہ اور دیگر بی جے پی-آر ایس ایس رہنماؤں نے اپنے نظریاتی اسلاف کی مسلمانوں کی واپسی کی سخت مخالفت کو ووٹر فہرستوں کی انتخابی اور آبادیاتی پاکیزگی کے ریاستی منظور شدہ عقیدے میں بلاتعطل تبدیل کر دیا ہے۔ یہ بی جے پی کے – پروگرامڈیکٹیکٹ (تلاش کرو)، ڈیلیٹ (حذف کرو)، اور ڈیپورٹ (ملک بدر کرو)—کا ایک اہم عمل ہے۔
مزید برآں، شاہ نے جو بیانیہ پیش کیا ہے وہ سرحدوں کے علاقوں اور آبادی کے غیر متوازن ہونے کا جائزہ لینے کے لیے ڈیموگرافک چینج پر ہائی لیول کمیٹی (وزارتِ داخلہ کے تحت قائم) کی تشکیل کے ساتھ بھی سیدھا میل کھاتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس کمیٹی کے ذریعہ سرکاری طور پر نئے ’’حقائق‘‘تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی 2025 کی یومِ آزادی کی تقریر میں کیا تھا۔ مودی نے 15 اگست کو ڈیموگرافک چینج پر ہائی لیول کمیٹی کا اعلان اس وقت کیا تھا جب بہار میں ایس آئی آر جاری تھا اور جلد ہی پورے ملک میں شروع ہونے والا تھا۔ واقعات کا یہ تسلسل شاہ کے الفاظ کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔
مسلم اقلیت کو نشانہ بنانے کے سنگھ پریوار کے مسلسل نظریاتی منصوبے کو سمجھنے کے لیے، اکتوبر-نومبر 2015 میں رانچی، جھارکھنڈ میں منعقدہ اکھل بھارتیہ کاریہ کاری منڈلآر ایس ایس کی اعلیٰ ترین انتظامی کونسل—کے اجلاس میں منظور کی گئی ’’آبادی کی شرح نمو میں عدم توازن کا چیلنج‘‘عنوان کی قرارداد کو یاد کرنا ضروری ہے۔ یہ واضح ہے کہ مودی نے آبادیاتی تبدیلی پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کے منصوبوں کے اعلان کے لیے ایک مناسب موقع کا انتظار کیا اور آپریشن سندور کے فوراً بعد اور بہار اسمبلی انتخابات سے کچھ پہلے کا وقت چنا۔ یہ سیاسی طور پر ایک انتہائی مناسب وقت تھا۔
شیاما پرسادمکھرجی کے استعفے نے آر ایس ایس، ہندو مہاسبھا اور جن سنگھ کے پناہ گزین بمقابلہ گھس بیٹھیا والے بیانیے کو مزید تقویت دی تھی۔ دیگر باتوں کے علاوہ، انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ ہندوستان میں تمام متروکہ جائیدادیں مغربی اور مشرقی پاکستان سے آنے والے ہندو اور سکھ پناہ گزینوں کے لیے مخصوص کی جائیں۔ مکھرجی نے خاص طور پر دعویٰ کیا کہ ریاست مسلم واپسی کرنے والوں کو بحال کرنے پر وسائل خرچ کر رہی ہے جبکہ مشرقی پاکستان سے آنے والے ہندو پناہ گزین مفلوک الحالی کا شکار ہیں۔
ایم ایس گولوالکر، جو آر ایس ایس کے دوسرے سرسنگھ چالک تھے، نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان سے بھاگنے والے ہندو صرف اپنی پتر بھومی اور پونیہ بھومی کی طرف لوٹ رہے ہیں، جس نے انہیں ہندوستان کا ’’قدرتی‘‘ شہری یا ’’متاثرہ جنگجو:: بنا دیا۔ اس کے برعکس، وہ واپس آنے والے مسلمانوں کو مشکوک نظروں سے دیکھتے تھے۔ تمام ہندوستانی مسلمانوں کو ’’غیر ملکی یا گھس بیٹھیا‘‘ کے طور پر دیکھنے کی سیاسی عادت کی اصل اسی سے نکلتی ہے، اور یہ لیبل ہندو قوم پرستوں کی طرف سے ان مسلمانوں اور ان کی اولادوں پر بھی بلا تفریق چسپاں کیے جاتے ہیں جنہوں نے پاکستان نہ جانے کا انتخاب کیا تھا۔
بھارتیہ جن سنگھ اکتوبر 1951 میں قائم ہوئی، اور مکھرجی نے دین دیال اپادھیائے اور بلراج مدھوک جیسے بعد کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر آبادی کی نقل وحرکت اور سرحدی سیکیورٹی کے حوالے سے پارٹی کی قراردادوں کی رہنمائی کی۔ ان قراردادوں نے متروکہ جائیداد کے قوانین اور مشرقی سرحد پر انفلٹریشن پر الگ الگ توجہ مرکوز کی۔
آسام تحریک کے بعد ’’غیر قانونی انفلٹریشن بمقابلہ قانونی نقل مکانی‘‘کا مسئلہ قومی سیاسی بحث کا حصہ بننے سے کئی دہائیوں پہلے، جن سنگھ نے آسام، مغربی بنگال اور تریپورہ میں مشرقی پاکستان سے مسلمانوں کی بغیر روک ٹوک انفلٹریشن‘‘ سے خبردار کرنے والی قراردادیں منظور کی تھیں۔ تاہم، پارٹی ان مسائل کو قومی بحث کے مرکز میں لانے میں ناکام رہی کیونکہ وہ انتخابی طور پر الگ تھلگ تھی۔
رفتہ رفتہ، یہ مسائل جن سنگھ کے اندر بھی ترجیح سے ہٹنے لگے کیونکہ اس نے سیاسی مقبولیت اور غیر کانگریسی جماعتوں کے ساتھ شراکت داری کا ہدف مقرر کیا جو اکثریت پسندی کو ناپسند کرتی تھیں۔ مشرقی پاکستان (بعد میں بنگلہ دیش) سے غیر قانونی سرحد پار کرنے کی مبینہ کوششوں پر سیاسی توجہ بھی مرکزی بحث سے کافی حد تک دھندلا گئی۔
اٹل بہاری واجپائی نے مؤثر پارلیمانی مداخلتوں کے ساتھ اس موضوع کو دوبارہ اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہرو حکومت کو پاکستان سے انفلٹریشن کی روک تھاماسکیم شروع کرنے پر مجبور کیا، جسے بعد میں غیر ملکیوں کی انفلٹریشن کی روک تھام اسکیم کہا گیا۔ یہ ایک خاص سیکیورٹی اور انتظامی فریم ورک تھا جس کا بنیادی مقصد ہندوستان کی مشرقی سرحدی ریاستوںمغربی بنگال، آسام اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں—میں مشرقی پاکستان سے آنے والے بغیر دستاویزات والے یا غیر مجاز تارکینِ وطن کو روکنا، تلاش کرنا اور ملک بدر کرنا تھا۔ وقت کے ساتھ، یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ آسام میں فارنرز ٹریبیونلز نے ہندوستانیوں کو بھی “غیر ملکی” قرار دینا شروع کر دیا۔
1965 کی پاکستان کے ساتھ جنگ نے ایک بار پھر ہندو قوم پرستوں کے پسندیدہ بیانیوں اور مہمات کو تقویت دی۔ مسلسل تشہیر کے بعد، دی اینیمی پراپرٹی ایکٹ 1968 of 1968) ہندوستان سے باہر چلے جانے والے لوگوں کی چھوڑی ہوئی جائیدادوں پر قابو پانے کے لیے ایک اہم قانونی فریم ورک کے طور پر نافذ کیا گیا۔
مودی حکومت نے اینیمی پراپرٹی (ترمیم اور توثیق) ایکٹ 2017 کی منظوری کے ساتھ اس قانون کو مزید سخت بنا دیا گیا۔ اس کا سب سے نمایاں اثر محمود آباد کے راجہ کی اولاد پر پڑا، جن کی اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں وسیع جائیدادوں کو حکومت نے ضبط کر لیا۔ اسے ’’تاریخی تصحیح‘‘ کے لیے ہندوتوا کی جدوجہد کی ایک اہم کامیابی کے طور پر پیش کیا گیا اور اس نے آر ایس ایس-بی جے پی کے اس مقصد کو آگے بڑھایا جس کا مقصد ایک ’’دشمن‘‘ ریاست کی طرف ہجرت کرنے والے مسلمانوں کے قانونی وارثوں سے جائیدادوں کو واپس حاصل کرنا” تھا۔
تاریخی طور پر، بی جے پی اور آر ایس ایس 1970 کی دہائی کے آخر میں شروع ہونے والی آسام تحریک کے بعد مبینہ غیر قانونی گھس بیٹھئوں کے مسئلے کو قومی ایجنڈے پر لانے میں سب سے زیادہ کامیاب رہے۔ جنتا حکومت کے سالوں کے دوران، سنگھ پریوار نے کامیابی کے ساتھ اس مسئلے کو جو اصل میں ایک نسلی تنازع تھا، ایک فرقہ وارانہ تنازع میں بدل دیا۔
بالاصاحب دیورس نے اس تقابل کو کیسے زندہ کیا؟
لیکن ’’پناہ گزین-گھس بیٹھیا‘‘ کے اس تقابل کو دوبارہ زندہ کرنے کا سہرا بالاصاحب دیورس کو جاتا ہے، جو 1973 سے 1994 تک آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک رہے۔ 1979-1980 میں، انہوں نے عوامی ریلیوں، پریس کانفرنسوں اور سنگھ کے اجلاسوں سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش سے آسام، دیگر شمال مشرقی ریاستوں اور مغربی بنگال میں داخل ہونے والے دو گروہوں کے درمیان ایک واضح فرق کھینچا۔
دیورس نے آسام کے ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ بنگلہ دیشی ہندوؤں کو جگہ دیں جبکہ انہیں بنگلہ دیشی مسلمانوں سے ہوشیار رہنے کا کہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلمان آسام کو مسلم اکثریتی ریاست میں تبدیل کرنے کے پہلے سے طے شدہ مقصد کے ساتھ آ رہے ہیں۔
اس کے بعد بی جے پی نے آسام تحریک کے ’’گھس بیٹھیا‘‘ والے موقف کی حمایت کی۔ اپریل 1980 میں پارٹی کے قیام کے دو ہفتے بعد منعقدہ اس کی پہلی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں منظور کی گئی ایک قرارداد میں نوٹ کیا گیا کہ ریاست میں صورتحال نے “ایک سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔” قرارداد میں آل آسام اسٹوڈنٹس یونین اور گنا سنگرام پریشد کے اس دعوے کی حمایت کی گئی کہ گھس بیٹھئوں نے “ریاست میں خفیہ طور پر قدم جما لیے ہیں” اور ان کی ملک بدری “قانون کے مطابق” ہوگی۔ اندرا گاندھی کے قتل سے کچھ ہفتے پہلے بی جے پی کی قومی کونسل کی طرف سے منظور کی گئی ایک اور قرارداد میں نوٹ کیا گیا کہ کانگریس “لاکھوں گھس بیٹھئوں کو حقِ رائے دہی کی مسلسل حمایت” کر رہی ہے۔
رام جنم بھومی تحریک نے فروری 1986 میں فیض آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کی جانب سے بابری مسجد کا تالا کھولنے اور متنازعہ مقام میں ہندوؤں کے داخلے کی اجازت دینے کے حکم کے بعد زور پکڑا۔ ’’گھس بیٹھیا بمقابلہ پناہ گزین‘‘کا موضوع پسِ منظر میں چلا گیا، سوائے اس کے کہ آسام میں انتخابات کے دوران اور مغربی بنگال کے سرحدی اضلاع میں اسے زور و شور سے اٹھایا جائے۔
بی جے پی کے دو بنیادی انتخابی وعدے پورے ہو چکے ہیں۔ایودھیا میں رام مندر اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ۔ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں نے یونیفارم سول کوڈکا وعدہ نافذ کرنا شروع کر دیا ہے (شاہ نے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی حکمرانی والی تمام ریاستوں میں 2029 تک نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہے)۔ اب، ایس آئی آر کی حمایت اور ’’گھس بیٹھئے ووٹرز‘‘کو مسلسل حذف کرنا پارٹی کی ترجیح رہنے کا امکان ہے۔ یہ کوئی پالیسی یا انتظامی روٹین نہیں ہے، یہ ایک انتہائی اہم سیاسی، نظریاتی اور حکمتِ عملی کی ترجیح ہے۔
چونکہ ایس آئی آر کو منسوخ کرنے اور واپس لینے کا مطالبہ کرنے کے لیے کئی طاقتیں جمع ہو رہی ہیں، اس لیے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ووٹر فہرست کی نظرثانی کے لیے بی جے پی کی حمایت اور الیکشن کمیشن اور گیانیش کمار کی اس کی توثیق ایک طویل مہم کا نتیجہ ہے۔ آٹھ دہائیوں کے دوران، سنگھ پریوار لوگوں کو آدھے سچ پر یقین دلانے اور غلط معلومات پھیلانے میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔ اب اس لیے اسے امید ہے کہ اس کا یہ الزام کہ جن لوگوں کے نام فہرستوں سے حذف کیے گئے ہیں وہ “غیر ملکی” ہیں، اس پر بھی یقین کیا جائے گا، حالانکہ جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے، ایس آئی آر عمل کے ذریعہ کسی کے شہری ہونے یا نہ ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔
مغربی بنگال میں انتخابی نتائج کے بارے میں وسیع پیمانے پر اٹھائے جانے والے سوالات، جہاں ووٹرز کی ایک بڑی تعداد کو حذف کر دیا گیا تھا، اس جلدی پر شک پیدا کرتے ہیں جس کے ساتھ ایس آئی آر کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ایس آئی آر اس بیانیے کو سی اے اے کی محدود سرحدوں سے آگے لے جاتا ہے۔ سی اے اے، اگرچہ صرف غیر مسلم تارکین وطن کو ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کا راستہ فراہم کرتا ہے، سنگھ پریوار کے ووٹر فہرستوں سے مبینہ گھس بیٹھئوں یا غیر ملکیوں کو ہٹانے کے پرانے ایجنڈے کو پورا نہیں کرتا، جو ایس آئی آر کرے گا۔ ایسا ہونے کی وجہ سے، یہ انتہائی ناممکن لگتا ہے کہ بی جے پی جاری مظاہروں کے مطالبات کے سامنے جھکے گی۔ اس کے نتیجے میں، مظاہرین اور اپوزیشن جماعتوں کے لیے اپنی قانونی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ضروری ہو جاتا ہے۔
نلنجن مکھوپادھیائے دہلی-این سی آر میں مقیم ایک مصنف اور صحافی ہیں۔ ان کی تازہ ترین کتاب
The Demolition, The Verdict and The Temple
he Definitive Book on the Ram Mandir Project کے مصنف بھی ہیں
