کلکتہ : انصاف نیوز
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مسلم مخالف مہم، مذہبی تعصب پر مبنی بیانات اور مسلم امیدواروں کے خلاف مسلسل سیاسی حملوں کے باوجود امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں دو مسلم رہنماؤں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ مینی سوٹا سے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار الہان عمر نے پانچویںمرتبہ ایوانِ نمائندگان (امریکی کانگریس) کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔جب کہ مشی گن سے عبداللہ سید نے سینیٹ کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ امریکی تاریخ کے پہلے مسلم سینیٹر بن گئے ہیں۔
ان دونوں کامیابیوں کو امریکہ میں مسلم نمائندگی اور جمہوری سیاست کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ خاص طور پر اس لیے کہ انتخابی مہم کے دوران دونوں رہنماؤں کو ان کی سیاسی پالیسیوں کے بجائے ان کے مذہبی پس منظر، مسلم شناخت اور بعض معاملات میں تارکین وطن سے تعلق کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
الہان عمر کی دوبارہ کامیابی
صومالی نژاد امریکی سیاست داں الہان عمر نے مینی سوٹا کے پانچویں کانگریشنل ضلع سے ریپبلکن امیدوار جان نیگل کو شکست دے دی۔ یہ ضلع روایتی طور پر ڈیموکریٹک پارٹی کا مضبوط حلقہ سمجھا جاتا ہے۔ الہان عمر 2018 میں پہلی مرتبہ کانگریس کے لیے منتخب ہوئی تھیں اور اس طرح وہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں پہنچنے والی پہلی دو مسلم خواتین میں شامل تھیں۔
تاہم اس مرتبہ ان کی انتخابی مہم کئی تنازعات اور وفاقی تحقیقات کے درمیان جاری رہی۔ فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ان کے خلاف دو الگ الگ معاملات میں تحقیقات ہورہی ہیں۔ ایک معاملہ ان کی شہریت حاصل کرنے کے لیے جمع کرائی گئی امیگریشن دستاویزات سے متعلق ہے، جبکہ دوسری تحقیقات میں ان کے مالیاتی گوشواروں کے معاملات شامل ہیں۔
12 اکتوبر 2026 کو امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے تحقیقاتی ادارے نے واشنگٹن ڈی سی میں ان کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی تھی۔ فاکس نیوز کے مطابق، اس کارروائی کے دوران ان کا فون، پاسپورٹ اور کمپیوٹر ضبط کیا گیا اور تفتیش کاروں نے ان کا ڈی این اے بھی حاصل کیا۔
اس کارروائی اور پرانے الزامات کے دوبارہ منظرعام پر آنے کے باوجود الہان عمر نے اپنی انتخابی مہم جاری رکھی اور کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ الہان عمر نے اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کی ہے اور اب تک ان پر کسی جرم کا الزام ثابت نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے ان تحقیقات کو صدر ٹرمپ کی جانب سے سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ان کی مسلم شناخت، مہاجر پس منظر اور سیاسی موقف کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کے ترجمان نے بھی شادی سے متعلق الزامات کو بے بنیاد سازشی نظریہ اور سیاسی کردار کشی قرار دیا ہے۔
عبداللہ السید: امریکی سینیٹ میں پہلی مسلم نمائندگی
دوسری جانب مشی گن سے ڈیموکریٹک امیدوار عبداللہ سید نے ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر امریکی سینیٹ میں تاریخ رقم کردی۔ 42 سالہ عبداللہ سید پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور اس سے قبل وین کاؤنٹی کے محکمہ صحت کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بھی ایک مضبوط انتخابی مقابلے کے بعد پارٹی کی نامزدگی حاصل کی تھی۔
ان کی کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں نے انہیں مسلسل مسلم شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے ان کے لیے ’جہادی‘ اور ’کمیونسٹ‘ جیسے الفاظ استعمال کیے اور ان کا نام اور مذہبی پس منظر انتخابی بحث کا موضوع بنانے کی کوشش کی۔
ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز اور ان کے حامیوں نے بھی عبداللہ السید کو ایک ایسے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جو مشی گن جیسی اہم ریاست کے لیے بہت زیادہ بائیں بازو کا موقف رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں صحت، مہنگائی، عوامی فلاح و بہبود اور خارجہ پالیسی جیسے مسائل کو مرکز میں رکھا۔
اسرائیل کو امریکی فنڈنگ پر سوال اور فلسطین کا معاملہ
عبداللہ السید کی انتخابی مہم کا ایک اہم پہلو اسرائیل کو امریکی مالی اور فوجی امداد فراہم کرنے کی پالیسی پر ان کا سخت موقف بھی تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ امریکی عوام کے ٹیکس کا پیسہ ملک کے اندر تعلیم، صحت، اسکولوں اور بنیادی ڈھانچے پر خرچ ہونے کے بجائے اسرائیل کو امداد دینے اور جنگوں میں کیوں استعمال کیا جارہا ہے؟
ان کا یہ موقف اسرائیل نواز لابی کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا۔ دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نواز لابی اے آئی پیک نے اپنے سپر پی اے سی یونائیٹڈ ڈیموکریسی پروجیکٹ کے ذریعے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخاب میں عبداللہ سید کو روکنے کے لیے تقریباً 3 کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے۔ یہ کسی ایک انتخابی مقابلے میں اس تنظیم کی جانب سے کی جانے والی بڑی سرمایہ کاریوں میں سے ایک تھی۔
عبداللہ سید نے اپنی کامیابی کی تقریر میں بھی امریکی عوام کے وسائل کے استعمال کا سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ٹیکس کا پیسہ یہاں خرچ ہو، ہمارے اسکولوں، صحت کے نظام اور بنیادی ڈھانچے پر لگے۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارا پیسہ نسل پرستی پر مبنی نظام، نسل کشی یا جنگوں کے لیے بھیجا جائے۔ان کا یہ بیان فلسطین کے معاملے پر امریکی خارجہ پالیسی اور اسرائیل کو دی جانے والی امداد کے خلاف ان کے انتخابی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔
مسلم شناخت کو انتخابی ہتھیار بنانے کی کوشش ناکام؟
ان دونوں کامیابیوں کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ امریکہ میں مسلم سیاست دانوں کو انتخابی مہم کے دوران مذہبی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، لیکن اس کے باوجود ووٹروں نے انہیں کامیابی سے ہم کنار کیا۔
عبداللہ سید نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کے مخالفین نے عوام کو تقسیم کرنے اور مذہبی تعصب کو ہوا دینے کی کوشش کی، جب کہ انہیں مہنگائی، پٹرول کی قیمتوں اور عام شہریوں کے مسائل پر بات کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ مخالفین ایسا امریکہ چاہتے ہیں جو بعض لوگوں کے لیے تنگ ہو، لیکن وہ ایسے امریکہ پر یقین رکھتے ہیں جہاں ہر شہری کے لیے جگہ ہو۔
الہان عمر اور عبداللہ سید کی کامیابی محض دو امیدواروں کی انتخابی فتح نہیں ہے، بلکہ یہ امریکی سیاست میں مسلم نمائندگی، مذہبی تنوع اور خارجہ پالیسی پر اختلاف رائے کی گنجائش کے حوالے سے بھی ایک اہم سیاسی پیغام ہے۔ خاص طور پر اس پس منظر میں کہ صدر ٹرمپ اور ان کے حامیوں نے انتخابی مہم میں مسلم شناخت کو سیاسی حملوں کا موضوع بنانے کی کوشش کی تھی۔
ٹرمپ کی مسلم مخالف مہم اور زہریلے بیانات بھی کام نہ آئے، الہان عمر اور عبداللہ السیدکامیاب
عبداللہ سید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلم رکن بن گئے، الہان عمر نے بھی پانچویں مرتبہ ایوانِ نمائندگان میں جگہ بنالی؛ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ اور ریپبلکن رہنماؤں نے دونوں مسلم امیدواروں کو نشانہ بنایا تھا۔الہان عمر کی شہریت کی جانچ بھی جاری ہے
