کلکتہ: انصاف نیوز نیٹ ورک
مغربی بنگال میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) یعنی خصوصی گہری نظرثانی کے نام پر ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کا عمل اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں انتخابی فہرستوں سے ناموں کے اخراج، عدالتی فیصلوں کے باوجود ووٹروں کی اہلیت کو دوبارہ چیلنج کرنے اور ہزاروں افراد کے مقدمات کو غیر معینہ مدت تک زیرِ التوا رکھنے پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ایک طرف تقریباً 25 ہزار سے زائد ایسے ووٹرز ہیں جن کے نام اب بھی ’زیرِ فیصلہ(Under Adjudiction ) کے زمرے میں ہیں اور وہ نہ اپنے خلاف کسی فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی ووٹ ڈالنے کی پوزیشن میں ہیں، تو دوسری طرف سابق آئی اے ایس افسر اور مغربی بنگال کے سابق چیف الیکٹورل آفیسر جواہر سرکار نے سوال اٹھایا ہے کہ جن 16,10,311 ووٹروں کو جوڈیشل افسران نے دستاویزات کی جانچ کے بعد اہل قرار دیا تھا، ان کے خلاف الیکشن کمیشن کے دفتر نے اپیلیں کس کے حکم پر اور کس اختیار کے تحت دائر کی ہیں ؟
یہ دونوں صورتِ حال مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے عمل کے دوران پیدا ہونے والی انتظامی اور قانونی پیچیدگیوں کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہیں۔ ایک طرف ایسے شہری ہیں جن کے مقدمات کا فیصلہ ہی نہیں ہو پا رہا، جبکہ دوسری طرف ایسے ووٹرز بھی ہیں جنہیں عدالتی افسران کی جانچ کے بعد اہل قرار دیے جانے کے باوجود اپیلوں کے ذریعے دوبارہ قانونی چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان حالات نے انتخابی عمل کی شفافیت، الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری اور شہریوں کے بنیادی جمہوری حقِ رائے دہی کے تحفظ سے متعلق کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔یہ صورت حال واضح کرتی ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنی بنیادی ذمہ داری حق رائے دہی کی حفاظت کرنے کے بجائے شہریوں سے حق رائے دہی سے محروم کررہی ہیں ۔
25 ہزار سے زائد ووٹرز کے نام اب بھی زیرِ فیصلہ، نہ اپیل کر سکتے ہیں نہ ووٹ ڈال سکتے ہیں
انڈین ایکسپریس کے صحافی رویک بھٹاچاریہ اور اتری مترا کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال میں 25 ہزار سے زائد ایسے ووٹرز ہیں جن کے معاملات اب تک ’زیرِ فیصلہ‘ ہیں۔ ان کی بڑی تعداد مرشد آباد، مالدہ، ندیا اور ہاوڑہ کے اقلیتی اکثریتی علاقوں میں رہتی ہے۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ انتخابی حکام نے بھی اعتراف کیا ہے کہ انہیں ایسے ووٹرز کی مجموعی تعداد کا درست اندازہ نہیں ہے۔
ایس آئی آر کے دوران ’منطقی تضادات(Logical Discrepancies)کی بنیاد پر نشان زد کیے گئے لاکھوں ووٹرز کے معاملات جہاں ٹریبونلز میں زیرِ سماعت ہیں، وہیں ہزاروں افراد ایسے بھی ہیں جن کے مقدمات ابھی تک عدالتی فیصلے کے مرحلے تک نہیں پہنچ سکے۔ ان کے نام نہ حتمی طور پر حذف کیے گئے ہیں اور نہ ہی انہیں انتخابی فہرست میں شامل کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ سنایا گیا ہے۔نتیجتاً یہ افراد گزشتہ کئی ماہ سے اس تذبذب میں مبتلا ہیں کہ اپنے حقِ رائے دہی کو محفوظ رکھنے کے لیے کس ادارے سے رجوع کریں۔ ان کے لیے سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ جب تک ان کے مقدمات پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں آتا، وہ نہ اپیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کر سکتے ہیں۔
29 اکتوبر کو مغربی بنگال کے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر نے ضلعی انتخابی افسران (DEOs) کو خط لکھ کر ہدایت دی تھی کہ جن مقدمات میں ای-سائننگ اور حتمی فیصلے کا عمل زیرِ التوا ہے، انہیں نمٹانے کے لیے جوڈیشل افسران کی لاگ اِن آئی ڈی دوبارہ فعال کی جائے۔ خط میں زیرِ التوا مقدمات کو نمٹانے کی پیش رفت سے متعلق رپورٹ 3 نومبر تک پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔لیکن اس کے باوجود ہزاروں ووٹرز کے معاملات غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔
مرشد آباد ضلع کے دھولین کے رہائشی 35 سالہ محمد صلاح الدین شیخ بھی ان متاثرین میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے مقدمے کی آخری سماعت 30 جنوری کو دھولین میونسپلٹی کے دفتر میں ہوئی تھی، لیکن اس کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
صلاح الدین نے اپنی پریشانی بیان کرتے ہوئے کہاکہ ”اگر میرا نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیا گیا ہوتا تو میں ٹریبونل میں اپیل کر سکتا تھا، لیکن مجھے تو بیچ منجدھار میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ نہ میں اپیل کر سکتا ہوں اور نہ ہی ووٹ ڈال سکتا ہوں۔“انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین دونوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل ہیں، لیکن ان کا اپنا معاملہ اب بھی زیرِ فیصلہ ہے۔شمشیر گنج اسمبلی حلقے کے وارڈ نمبر 21 میں واقع ان کے بوتھ نمبر 44 کی ووٹر لسٹ میں فوت شدہ اور منتقل شدہ افراد کے نام نکالنے کے بعد 949 ووٹرز باقی تھے، جن میں سے 590، یعنی تقریباً 62 فیصد، کے نام اب بھی زیرِ فیصلہ ہیں۔
اسی طرح مرشد آباد کے فرکا اسمبلی حلقے کے پارٹ نمبر 192 میں 1,372 ووٹرز میں سے 799، یعنی تقریباً 60 فیصد، کے معاملات زیرِ التوا ہیں۔وہاں کے بوتھ لیول آفیسر (BLO) ابوالکلام آزاد نے بتایا کہ انہوں نے اور دوسرے بی ایل اوز نے اے ای آر او اور دیگر انتظامی افسران سے رابطہ کیا، لیکن حکام نے اپنی بے بسی ظاہر کرتے ہوئے انہیں عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ابوالکلام آزاد کے اپنے خاندان کے کئی افراد بھی اس صورتِ حال سے متاثر ہیں۔ انہوں نے بتایا:”میرا اور میرے بیٹے کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہے، لیکن میری اہلیہ اور خاندان کے سات دیگر افراد نے 24 جنوری کو فرکا کے بی ڈی او دفتر میں سماعت میں شرکت کی تھی۔ اس کے باوجود ان کے نام اب تک زیرِ فیصلہ ہیں۔“
انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والی ٹیچر خود ووٹ نہیں ڈال سکیں
دھولین کی رہائشی 34 سالہ مونٹی خاتون، جو ایک پرائمری اسکول ٹیچر ہیں، کا نام بھی زیرِ فیصلہ فہرست میں شامل ہے۔ ان کے شوہر، دو دیوروں اور ان کی بیویوں کے نام بھی اسی زمرے میں درج ہیں۔انہوں نے کہاکہ
”اسمبلی انتخابات کے دوران میری انتخابی ڈیوٹی لگائی گئی تھی، لیکن میں خود اپنا ووٹ نہیں ڈال سکی۔ اب چھ ماہ گزرنے کے باوجود میرے ووٹ کے حق کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔“41 سالہ تاجر محمد شکیل انصاری کی والدہ کا نام تو ووٹر لسٹ میں موجود ہے، لیکن ان کا اپنا، ان کے بھائی اور ان کی بھابھیوں کا نام زیرِ فیصلہ ہے۔انہوں نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ
”کسی کو ہماری پریشانی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں نے ایس آئی آر کے مسئلے کو خوب اٹھایا، لیکن اب سب خاموش ہیں۔ ہر شخص عدالت جانے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ آخر وکیل کی فیس کون ادا کرے گا؟“
یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ ایس آئی آر کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیاں صرف انتخابی فہرست میں نام شامل ہونے یا حذف ہونے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ان کے نتیجے میں عام شہریوں کو قانونی، انتظامی اور مالی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انتخابی حکام کا اعتراف: صرف جوڈیشل افسران ہی کارروائی کر سکتے ہیںمغربی بنگال کی چیف الیکٹورل آفیسر نیلم مینا سے متعدد کوششوں کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا، تاہم ان کے دفتر کے ایک سینئر عہدیدار نے زیرِ التوا مقدمات کے مسئلے کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہاکہ ”یہ ایسے معاملات ہیں جنہیں جوڈیشل افسران نے مناسب طریقے سے نمٹایا نہیں ہے۔ ہم نے کلکتہ ہائی کورٹ کو اس صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے، کیونکہ عدالتی احکامات کے تحت ہم ان معاملات میں خود کوئی کارروائی نہیں کر سکتے۔ صرف جوڈیشل افسران ہی ان پر کارروائی کر سکتے ہیں۔“سینئر عہدیدار کے مطابق چیف الیکٹورل آفیسر نے اس مسئلے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر ارندم نیوگی نے بھی یہی موقف اختیار کیا کہ ان زیرِ التوا معاملات پر فیصلہ کرنے کا اختیار صرف عدالت کو حاصل ہے۔
سیاسی جماعتوں نے بھی الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا
اس معاملے پر ترنمول کانگریس کے ترجمان کرشانو مترا نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ”ایک مکمل طور پر نااہل مرکزی حکومت نے اپنے تمام خودمختار اداروں کو بھی نااہل بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔“
سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن سوجن چکرورتی نے کہاکہ ”پہلے عوام فیصلہ کرتے تھے کہ حکومت کون بنائے گا، لیکن اب الیکشن کمیشن کے ذریعے یہ طے کیا جا رہا ہے کہ ووٹ کون ڈال سکے گا۔“کانگریس کے ترجمان سومیا آئچ رائے نے بھی اس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص لوگوں کو نشانہ بنا کر انتخابی فہرستوں سے خارج کیا ہے اور موجودہ صورتِ حال اس کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب بی جے پی کے ترجمان اور رکن اسمبلی رتیش تیواری نے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ”یہ الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے اور اسی کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ بی جے پی اس سلسلے میں جواب دینے کی پابند نہیں ہے۔“
جوڈیشل افسران سے کلیئر ہونے والے 16.10 لاکھ ووٹروں کے خلاف اپیلیں کس نے دائر کیں؟
زیرِ فیصلہ ووٹروں کی پریشانی کے ساتھ ساتھ ایک اور اہم معاملہ سامنے آیا ہے، جس نے الیکشن کمیشن کے طریق? کار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔مغربی بنگال کے سابق چیف الیکٹورل آفیسر، سابق راجیہ سبھا رکن اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر جواہر سرکار نے موجودہ چیف الیکٹورل آفیسر نیلم مینا کو خط لکھ کر سوال کیا ہے کہ ایس آئی آر کے دوران جن 16,10,311 ووٹروں کو جوڈیشل افسران نے دستاویزات کی جانچ کے بعد اہل قرار دیا تھا، ان کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونلز میں اپیلیں کس کے حکم پر اور کس اختیار کے تحت دائر کی گئیں؟
جواہر سرکار نے اپنے خط میں اس صورتِ حال کو انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران نے اپریل 2026 میں ان 16,10,311 ووٹروں کے خلاف اپیلیں دائر کیں، حالانکہ ان کے معاملات کی عدالتی افسران جانچ کر چکے تھے اور انہیں ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی دے چکے تھے۔
جواہر سرکار نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اکتوبر میں داخل کیے گئے جوابی حلف نامے (Counter-affidavit) کا حوالہ دیا ہے۔
حلف نامے کے پیراگراف 63 میں کہا گیا ہے کہ اپیلیں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران نے دائر کی تھیں۔ جبکہ پیراگراف 60 میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ان ووٹروں کے دستاویزات الیکشن کمیشن کے پورٹل پر دستیاب تھے اور ان کے حق میں متعلقہ جوڈیشل افسران نے موافق احکامات بھی صادر کیے تھے۔
اس صورتِ حال پر جواہر سرکار نے سوال کیا ہے کہ جب جوڈیشل افسران نے دستاویزات کی جانچ کے بعد ووٹروں کے حق میں فیصلہ دے دیا تھا تو پھر ان کے خلاف اپیلیں کس کے حکم پر اور کس بنیاد پر دائر کی گئیں؟ ان اپیلوں کے پیچھے قانونی اختیار کیا تھا، ان کی وجوہات کیا تھیں اور اس سلسلے میں متعلقہ ریکارڈ کہاں موجود ہے؟
12 لاکھ سے زائد اپیلیں ایک ہی دن میں کیسے دائر ہوئیں؟
جواہر سرکار نے ایک اور اہم سوال اٹھایا ہے کہ 5 اپریل کو ایک ہی بیچ کوڈ کے تحت 12 لاکھ سے زائد اپیلیں ایک ہی دن میں کیسے دائر کی جا سکتی ہیں؟ انہوں نے الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ڈویڑن کے کردار پر بھی وضاحت طلب کی ہے۔
ان کے مطابق، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ووٹروں کے نام حذف کرنے کا عمل الیکشن کمیشن کے آئی ٹی سسٹم کے ذریعے انجام دیا گیا۔ انہوں نے اس معاملے میں کمیشن سے واضح طور پر ہاں یا نہیں میں جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
جواہر سرکار نے اپنے خط میں اس کارروائی کو ریاست کے مستند اور منظور شدہ ووٹروں پر بجلی گرانے کے مترادف قرار دیا ہے۔
ہمت آباد میں فیصلے کی اشاعت سے پہلے ہی اپیلیں دائر؟
جواہر سرکار نے اتر دیناج پور ضلع کے ہمت آباد کا ایک اور معاملہ بھی اٹھایا ہے۔ ان کے مطابق، وہاں 599 ووٹروں کے خلاف دائر اپیلوں پر 5 اپریل کی تاریخ کا ایک ہی بیچ کوڈ درج ہے، جبکہ ان ووٹروں کو اہل قرار دینے والی ضمنی فہرست (Supplementary List ) 6 اپریل کو شائع ہوئی تھی۔
انہوں نے سوال کیا ہے کہ جب ان ووٹروں کے حق میں عدالتی فیصلے ابھی شائع ہی نہیں ہوئے تھے تو چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ان فیصلوں کے خلاف ٹریبونلز میں اپیلیں دائر کرنے کا حکم یا اجازت کیسے دے دی؟یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے اپیلوں کی تیاری، ان کے اندراج اور عدالتی فیصلوں کی اشاعت کے درمیان ممکنہ تضاد کا سوال پیدا ہوتا ہے۔
جواہر سرکار کا دوسرا خط، نیلم مینا سے جواب طلب
جواہر سرکار نے چیف الیکٹورل آفیسر نیلم مینا کو لکھا ہے کہ یہ ان کا دوسرا خط ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 22 اکتوبر کو بھی ایک خط بھیجا تھا، لیکن تین ہفتے گزرنے کے باوجود انہیں نہ تو اس کی وصولی کی تصدیق موصول ہوئی اور نہ ہی کوئی جواب دیا گیا۔انہوں نے اس طرزِ عمل کو سول سروس کی روایتی شائستگی اور پیشہ ورانہ اصولوں کے خلاف قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، اس سے مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی غیر جانب داری پر بھی سوالیہ نشان لگتا ہے۔
جواہر سرکار نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ’چھوٹے ہوئے ووٹروں‘کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم کیا ان تمام افراد کے لیے کھلی ہے جن کے نام ووٹر لسٹ سے حذف ہو چکے ہیں، یا اس کا فائدہ صرف ان لوگوں کو ملے گا جن کے نام ’غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ اور ڈپلیکیٹ‘ فہرست میں شامل تھے؟
الیکشن کمیشن کے یکم اکتوبر کے خط میں بوتھ لیول آفیسرز کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ موجودہ ووٹر لسٹ کا پری ایس آئی آر فہرست سے موازنہ کریں اور ان تمام افراد کی شناخت کریں جن کے نام موجودہ فہرست میں موجود نہیں ہیں۔
جواہر سرکار کے مطابق، اس میں وہ تمام ووٹرز شامل ہونے چاہئیں جن کے نام مختلف وجوہات کی بنا پر حذف کیے گئے، جن میں عدالتی افسران کی جانچ کے بعد حذف کیے گئے 16.27 لاکھ نام اور فارم 7 کے ذریعے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر فہرست سے خارج کیے گئے 46.5 لاکھ ووٹرز بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے خط اور چیف الیکٹورل آفیسر کے 7 اکتوبر کے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جس شخص کا نام حذف ہو گیا ہے، وہ کسی بھی وقت دوبارہ اندراج کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔
لیکن جواہر سرکار نے سوال کیا ہے کہ کیا اس سہولت کا اطلاق ان تقریباً 22 لاکھ ووٹروں پر بھی ہوتا ہے جنہوں نے ایس آئی آر ٹریبونلز سے رجوع کیا ہے؟ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بعض ووٹروں کو مبینہ طور پر خصوصی اندراجی کیمپوں سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ اگر کسی ووٹر کا نام جوڈیشل افسران نے حذف کر دیا ہو اور اس کے خلاف اپیل زیرِ التوا ہو تو کیا الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اس کا نام دوبارہ ووٹر لسٹ میں شامل کر سکتا ہے؟ ان کے مطابق، الیکشن کمیشن کے خط میں ای آر او کو مناسب کارروائی کرنے کا مجاز اتھارٹی قرار دیا گیا ہے، لیکن اس کے اختیارات کی حدود واضح نہیں کی گئی ہیں۔
قانونی کارروائی سے سرکاری افسران بھی مستثنیٰ نہیں: جواہر سرکار
جواہر سرکار نے اپنے خط کے اختتام پر سرکاری افسران کو ان کی قانونی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے ہر عمل اور ہر کوتاہی کی جانچ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے لکھاکہ
”سرکاری ملازمین کا ہر عمل اور ہر کوتاہی جانچ کے دائرے میں آتی ہے۔ کیا مجھے آپ کو یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ الیکشن کمیشن کے افسران، ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز اور خود سی ای او بھی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے اقدامات پر قانونی کارروائی سے مستثنیٰ نہیں ہیں؟“
دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنے جوابی حلف نامے میں کہا ہے کہ یہ اپیلیں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے افسران نے عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت مجاز حکام کی حیثیت سے عدالتی احکامات کے مطابق دائر کی تھیں۔ کمیشن نے یہ بھی کہا کہ یہ معاملات اس کے سامنے نہیں لائے گئے تھے۔
تاہم، کمیشن نے نہ تو ان افسران کے نام ظاہر کیے ہیں جنہوں نے یہ اپیلیں دائر کیں اور نہ ہی ان وجوہات کی وضاحت کی ہے جن کی بنیاد پر عدالتی افسران سے اہل قرار دیے گئے 16,10,311 ووٹروں کے خلاف اپیلیں دائر کی گئیں۔
ایس آئی آر کا پورا عمل: 7.66 کروڑ سے 7.04 کروڑ ووٹرز، پھر 27 لاکھ نام حذف
مغربی بنگال میں ایس آئی آر کا عمل گزشتہ سال 27 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔ اس وقت ریاست میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 7.66 کروڑ تھی۔ بعد ازاں ’غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ اور دوہرے اندراج‘ (ASDD) کے زمرے میں شامل ناموں کو حذف کرنے کے بعد ووٹروں کی تعداد گھٹ کر 7.04 کروڑ رہ گئی۔اس کے بعد الیکشن کمیشن نے تقریباً 60 لاکھ ووٹروں کے ناموں کو ’منطقی تضادات‘ کی بنیاد پر نشان زد کیا۔ فروری 2026 میں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ان ووٹروں کی اہلیت کا فیصلہ جوڈیشل افسران کے ذریعے کیا جائے۔
عدالتی افسران کی جانچ کے بعد تقریباً 32 لاکھ ووٹروں کے نام دوبارہ انتخابی فہرستوں میں شامل کیے گئے، جبکہ 27 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کر دیے گئے۔20 مارچ کو سپریم کورٹ نے حذف کیے گئے ووٹروں کو اپیل کا موقع فراہم کرنے کے لیے اپیلیٹ ٹریبونلز قائم کرنے کا حکم دیا۔
18 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ٹریبونلز کے سامنے مجموعی طور پر 38.31 لاکھ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ ان میں 22.21 لاکھ اپیلیں ان ووٹروں کی جانب سے تھیں جن کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کر دیے گئے تھے، جبکہ 16.10 لاکھ اپیلیں ایسے ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کیے جانے کے خلاف دائر کی گئی تھیں جنہیں عدالتی جانچ کے بعد اہل قرار دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، ان 38.31 لاکھ اپیلوں میں سے اس وقت تک صرف 1.26 لاکھ معاملات ہی نمٹائے جا سکے تھے۔
حقِ رائے دہی کا سوال: انتظامی غلطی یا جمہوری بحران؟
مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے دوران سامنے آنے والی یہ دونوں صورتِ حال ایک بنیادی سوال کھڑا کرتی ہیں: کیا انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا مقصد ووٹر لسٹ کو درست اور شفاف بنانا ہے یا اس عمل میں انتظامی پیچیدگیوں اور قانونی کارروائیوں کے باعث بڑی تعداد میں شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہو رہے ہیں؟
ایک طرف 25 ہزار سے زائد ایسے ووٹرز ہیں جن کے مقدمات کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا اور وہ اپنی قانونی حیثیت کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں۔ دوسری طرف 16,10,311 ایسے ووٹرز کے خلاف اپیلیں دائر کیے جانے کا معاملہ ہے جنہیں جوڈیشل افسران پہلے ہی جانچ کے بعد اہل قرار دے چکے تھے۔
اس کے علاوہ 27 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے جانے اور لاکھوں اپیلوں کے طویل عرصے سے زیرِ التوا رہنے کا معاملہ بھی موجود ہے۔
یہ تمام سوالات الیکشن کمیشن کی شفافیت، اس کے انتظامی نظام، آئی ٹی ڈویڑن کے کردار اور شہریوں کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ وضاحت کے متقاضی ہیں۔ جمہوریت میں ووٹ صرف انتخابی فہرست میں درج ایک نام نہیں، بلکہ شہری کی سیاسی شرکت اور نمائندگی کا بنیادی حق ہے۔ اگر کسی شہری کو اس حق کے استعمال کے لیے غیر معینہ مدت تک عدالتی اور انتظامی پیچیدگیوں میں الجھنا پڑے تو یہ صورتِ حال محض انتخابی فہرست کی تکنیکی خامی نہیں رہتی، بلکہ جمہوری عمل کی شفافیت اور اعتبار کا اہم مسئلہ بن جاتی ہے۔
