نئی دہلی : انصاف نیوز آن لائن
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کرنے والی سیاسی جماعتیں اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے سے گریز نہیں کر رہی ہیں۔ کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کا اس معاملے میں متضاد کردار خاص طور پر نمایاں ہوکر سامنے آیا ہے۔ دونوں جماعتیں فلسطین کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہیں اور اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتی رہی ہیں، لیکن ان کے زیرِ اقتدار ریاستی حکومتوں نے اسرائیل کی ایک ایسی کمپنی سے موبائل فون اَن لاک کرنے اور ان سے ڈیٹا نکالنے کی ٹیکنالوجی حاصل کی، جس کے آلات کے استعمال پر فلسطینی قیدیوں کے خلاف بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
’’میڈیا ون‘‘ اور’’ انٹرنیٹ فریڈم فاؤنڈیشن ‘‘کی تحقیقات کے مطابق کیرالہ کی سی پی آئی (ایم) کی قیادت والی ایل ڈی ایف حکومت نے 27 ستمبر 2024 کو اسرائیلی کمپنی سیلبرائٹ سے موبائل فون کا ڈیٹا نکالنے والا سافٹ ویئر خریدا تھا۔ اس وقت ریاست میں سی پی آئی ایم کے جنر ل سیکریٹری پنارائی وجین کی حکومت تھی اور محکمہ داخلہ بھی ان کے پاس تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد میں اقتدار میں آنے والی کانگریس کی قیادت والی حکومت نے بھی جولائی 2026 میں اس سافٹ ویئر کے معاہدے کی تجدید کی ہے۔
میڈیا ون کی رپورٹ کے مطابق، کیرالہ اسٹیٹ فارنسک سائنس لیبارٹری کے جاری کردہ ٹینڈر سے اس خریداری کی تصدیق ہوتی ہے۔ دوسری جانب آئی ایف ایف کی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ کیرالہ کے محکمہ داخلہ نے سیلبرائٹ سے متعلقہ خریداری کے لیے کے ساتھ 99.99 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔
یہ معاملہ صرف کیرالہ تک محدود نہیں ہے۔ آئی ایف ایف کی تحقیقات میں مرکزی حکومت کی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ کانگریس کے زیرِ اقتدار کرناٹک اور ہماچل پردیش میں بھی سیلبرائٹ کی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کی کوششوں اور خریداری کے ٹینڈروں کا انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بھی سیلبرائٹ کا جدید ترین فون اَن لاک کرنے والا ٹول خریدنے کے لیے معاہدہ کیا۔ اس خریداری کے لیے وزیر داخلہ امت شاہ نے 17 جنوری 2026 کو میک اِن انڈیا کی سرکاری خریداری ترجیحات سے استثنیٰ کی منظوری دی تھی۔ وزارت داخلہ کے 20 جنوری کے خط میں اس منظوری کا ذکر موجود ہے۔ بعد ازاں یہ ٹھیکہ نیکس ٹیکنو جین پرائیوٹ لمیٹڈکو4, 97,99,515روپے میں دیا گیا۔
این آئی اے کے لیے خریدے گئے اس ٹول کی تکنیکی خصوصیات میں آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز کے پاس کوڈ کو بائی پاس کرنا، مکمل فائل سسٹم سے ڈیٹا نکالنا اور سام سنگ کے سیکور فولڈرہواوے کےپرائیوٹ اسپیس اور شیاؤمی کے سیلنڈ اسپیس جیسے محفوظ ڈیجیٹل حصوں تک رسائی حاصل کرنا شامل ہے۔
مرکزی حکومت کی دیگر ایجنسیاں بھی اس ٹیکنالوجی کے حصول میں سرگرم رہی ہیں۔ کارپوریٹ امور کی وزارت کے تحت کام کرنے والے سنگین فراڈ تحقیقاتی دفترنے مارچ 2026 میں سیلبرائٹ کےڈیجیٹل کلیکٹراورانسپکٹرکے لیے معاہدہ کیا، جبکہ محکمہ فوجی امور نے سیلبرائٹ کی فون اَن لاک کرنے والی خدمات کے لیے ٹینڈر جاری کیے۔
آئی ایف ایف نے 2026 میں ہندوستانی سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے 11 ٹینڈروں میں سیلبرائٹ کی مصنوعات سے متعلق 15 خریداری فہرستوں کی نشاندہی کی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کے خلاف استعمال کا الزام
سیلبرائٹ اسرائیل میں قائم ایک کمپنی ہے جو ڈیجیٹل فرانزک ٹیکنالوجی تیار کرتی ہے۔ اس کے سافٹ ویئر اور آلات کی مدد سے اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز کے پاس ورڈ اور سیکیورٹی نظام کو بائی پاس کرکے ان میں محفوظ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس میں پیغامات، تصاویر، ایپلی کیشنز اور دیگر نجی ڈیٹا بھی شامل ہوسکتا ہے۔
اس کمپنی کی ٹیکنالوجی پر سب سے سنگین سوالات فلسطینی علاقوں میں اس کے مبینہ استعمال کے حوالے سے اٹھائے گئے ہیں۔ امریکن فرینڈز سروس کمیٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی افواج نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اس ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا ہے۔ رپورٹ میں ہزاروں زیرِ حراست فلسطینیوں کے موبائل فونز سے ڈیٹا نکالنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں ایسے قیدی بھی شامل ہیں جنہیں مبینہ طور پر منظم تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔سیلبرائٹ پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ غزہ کی پٹی میں زیرِ زمین سرنگوں کی نقشہ سازی کے لیے ٹیکنالوجی تیار کرنے میں تعاون کیا ہے۔
اس کے علاوہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکیورٹی لیب اور سٹیزن لیب کی تحقیقات میں سربیا، اردن اور کینیا سمیت مختلف ممالک میں صحافیوں، سماجی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف سیلبرائٹ ٹیکنالوجی کے مبینہ استعمال کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
کانگریس کے سیاسی موقف اور عملی اقدامات میں تضاد
کیرالہ، کرناٹک اور ہماچل پردیش میں کانگریس کی قیادت والی حکومتوں کا اس ٹیکنالوجی کے حصول میں دلچسپی لینا اس لیے بھی اہم ہے کہ کانگریس کی مرکزی قیادت مسلسل غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کی مذمت کرتی رہی ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے مختلف مواقع پر غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر تنقید کی ہے۔ سونیا گاندھی نے تو غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے مودی حکومت کی خاموشی کو اخلاقی طور پر ناقابلِ دفاع بھی کہا تھا۔
اسی طرح سی پی آئی (ایم) بھی فلسطین کے حق میں اپنے سیاسی موقف اور اسرائیلی پالیسیوں کی مخالفت کے لیے جانی جاتی ہے۔ لیکن کیرالہ میں اس کی سابقہ حکومت کے دور میں سیلبرائٹ سے سافٹ ویئر کی خریداری اور بعد میں کانگریس حکومت کی جانب سے اس کی تجدید نے دونوں جماعتوں کے سیاسی بیانات اور حکومتی فیصلوں کے درمیان تضاد کو نمایاں کردیا ہے۔
شہریوں کی نجی زندگی اور بنیادی حقوق کا سوال
اس پورے معاملے کا ایک اور اہم پہلو شہریوں کی نجی زندگی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ہے۔ آئی ایف ایف نے اپنی تحقیقات میں اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ ہندوستان میں ضبط شدہ موبائل فونز سے ڈیٹا نکالنے کے عمل کو منظم کرنے کے لیے کوئی واضح اور جامع قانونی فریم ورک یا عوامی طور پر دستیاب پروٹوکول موجود نہیں ہے۔
موجودہ قانونی دفعات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کسی ضبط شدہ فون کو کن حالات میں اَن لاک کیا جاسکتا ہے، اس سے کون سا ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا ہے، حاصل شدہ معلومات کتنے عرصے تک محفوظ رکھی جاسکتی ہیں اور کن افراد یا اداروں کو ان تک رسائی حاصل ہوگی۔
آئی ایف ایف کے مطابق، اس طرح کے آلات کے استعمال سے کسی شخص کی نجی زندگی، صحافیوں کے ذرائع، سماجی کارکنوں کے رابطوں اور عام شہریوں کی ذاتی معلومات کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ تنظیم نے دہلی پولیس اور مرکزی وزارت داخلہ سے ان فرانزک آلات کے استعمال، لائسنس، رسائی کے ریکارڈ، ڈیٹا نکالنے کے لاگز اور حاصل شدہ معلومات کو محفوظ رکھنے یا حذف کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔تنظیم نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ آیا اکتوبر 2026 میں دہلی میں ہونے والے مظاہروں کے دوران ضبط کیے گئے موبائل فونز سے ڈیٹا نکالنے کے لیے سیلبرائٹ یا اسی نوعیت کے دیگر آلات استعمال کیے گئے تھے۔
یہ انکشاف محض ایک اسرائیلی کمپنی سے سرکاری خریداری کا معاملہ نہیں ہے۔ اس کے کئی سیاسی، اخلاقی اور قانونی پہلو ہیں۔ ایک طرف سیاسی جماعتیں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہیں اور اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کرتی ہیں، دوسری طرف ان کے زیرِ اقتدار حکومتیں ایسی کمپنی کی ٹیکنالوجی خریدتی یا اس کے معاہدوں کی تجدید کرتی ہیں جس کے استعمال پر فلسطینی قیدیوں کے حوالے سے سنگین الزامات موجود ہیں۔
اس سے بھی زیادہ بنیادی سوال یہ ہے کہ جب حکومتیں شہریوں کے موبائل فونز سے ان کی نجی معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکنالوجی خرید رہی ہیں تو اس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قانونی ضمانتیں کہاں ہیں؟ اور کیا شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کو سیاسی جماعتوں کے بیانات سے آگے بڑھ کر حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا؟۔
