کلکتہ : انصاف نیوز نیٹ ورک
درگا پوجا کے موقع پر بائیں محاذ کے بک اسٹال کے خلاف بلڈوزر کارروائی اور مبینہ طور پر دائیں بازو کی تنظیموں سے وابستہ افراد کی جانب سے بک اسٹالز پر حملوں کے خلاف آج کلکتہ کے کالج اسکوائر میں ایک بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ اس احتجاج میں ہزاروں کی تعداد میں کتابوں کے شائقین، بائیں محاذ کے کارکنان اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بک اسٹالز کے خلاف کارروائی اور کتابوں کی دکانوں پر حملوں کےنعرے بازی کے بجائے ہاتھوں میں کتاب اٹھاکر نغمے گارہے تھے۔
اس موقع پر رابندر ناتھ ٹیگور اور بنگال کے دیگر معروف شاعروں کے گیت پیش کیے گئے اور ان کے ذریعے کتاب، علم اور مطالعے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کتابیں صرف معلومات کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانی فکر کو وسعت دینے، سماج میں شعور پیدا کرنے اور ذہنوں میں روشنی پھیلانے کا وسیلہ بھی ہیں۔
یہ کال ’’واک فار بکس (کتابوں کے لیے واک) کے نام سے ایک پمفلٹ جاری کیا گیا تھا۔اس پر 150 سے زائد مصنفین، فنکاروں، اساتذہ، ڈاکٹروں اور وکلاء نے دستخط کیے تھے۔ اس میں لوگوں سے کالج اسکوائر میں وسیا ساگر کے مجسمے کے پاس جمع ہونے اور اپنی پسند کی ایک کتاب ساتھ لانے کی اپیل کی گئی تھی۔آئیے کتاب کو خود اپنے احتجاج کا پرچم بنائیں۔
جاود پور میں کتابوں کے اسٹالز پر حملے کو درگا پوجا کا سب سے شرمناک واقعہ قرار دیا گیا۔ اس رات ہر عمر کے کتابوں سے محبت کرنے والے لوگ ڈٹ کر کھڑے رہے، اور پولیس اور بلڈوزر کو پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔مارچ کے آغاز میں مظاہرین کے ہاتھ میں کتابیں پڑھنے کی ترغیب دینے والا ایک بینر تھا۔

بنگال کی تہذیبی اور ادبی تاریخ میں تہواروں کے موقع پر کتابوں کے اسٹال لگانے کی ایک قدیم روایت رہی ہے۔ درگا پوجا، جو بنگال کا سب سے بڑا تہوار ہے اور عموماً پانچ دنوں تک جاری رہتا ہے، اس موقع پر گزشتہ چار سے پانچ دہائیوں سے بائیں محاذ اور مختلف کتابی ناشرین کی جانب سے بک اسٹال لگائے جاتے رہے ہیں۔ یہ اسٹال محض کتابوں کی فروخت کا ذریعہ نہیں بلکہ بنگال کے ادبی، فکری اور ثقافتی ماحول کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔
تاہم، مئی میں نئی حکومت کے قیام کے بعد اس روایت پر سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے اسمبلی میں مبینہ طور پر کہا تھا کہ بائیں محاذ کے لوگ درگا پوجا نہیں مناتے، لیکن اس موقع پر کتابوں کے اسٹال ضرور لگاتے ہیں۔ ان کے موقف کے مطابق درگا پوجا سناتنی ہندوؤں کا تہوار ہے اور اس موقع پر بائیں محاذ کو بک اسٹال لگانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا تھا کہ بائیں بازو کے کتابوں کے اسٹالز کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور انہوں نے ان کتابوں کو ملک دشمن پروپیگنڈا قرار دیا۔اس کے بعد ہی ریاست بھر میں اسٹالز کو توڑا گیا، جلایا گیا اور منہدم کیا گیا، اور کتابوں کو سڑکوں پر پھینک دیا گیا۔ پولیس نے بنگاؤں میں ایک سنگل اسٹال پر ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے دیگر مقامات پر بائیں بازو کے اسٹالز کو ہٹایا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر شیامک بھٹاچاریا نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کی پارٹی نے ان میں سے کسی حملے کی ہدایت دی تھی۔اس تنازع کے دوران کلکتہ ہائی کورٹ نے بک اسٹال لگانے پر عائد پابندی کے فیصلے پر روک لگا دی تھی، تاہم اس کے ساتھ متعلقہ انتظامیہ سے اجازت لینے کی شرط بھی عائد کی تھی۔ اس عدالتی فیصلے کے باوجود درگا پوجا کے دوران لیفٹ فرنٹ کے بک اسٹالز کے خلاف کارروائی کی کوششیں جاری رہیں۔
سول سوسائٹی نے اسے ریاست کی کتابوں کے خلاف جنگ قرار دیا ہے۔ لوگوں نے ہر قسم کی کتاب کے ساتھ اس کا جواب دیا۔ بوڑھے مظاہرین نے کارل مارکس کی کپیٹل، بی آر امبیڈکر پر ایک کتاب، پریم چند کی مختصر کہانیاں اور مانک بندوپادھیائے کی پدما ندیر ماجھی بلند کر رکھی تھیں۔ مزدوروں کی تحریک پر مبنی ایک کتابچے کے سرورق پر بلڈوزر کی تصویر تھی۔
مارچ میں بنگال کے عظیم سماجی مصلح ایشور چندر ودیا ساگر کی کتابیں بھی نمایاں رہیں۔ ان کی مشہور تصنیف ’’برنو پریچو‘‘ (حروفِ تہجی کی ابتدائی کتاب) کو لوگوں نے بلند کر رکھا تھا۔ اسی کے ساتھ بھارتی آئین کے اصل نسخے کے ایک بڑے پوسٹر کو بھی نمایاں طور پر اٹھایا گیا تھا۔
ایک آٹو رکشہ بھی اس مارچ کا حصہ تھا، جس پر ’’برنو پریچو‘‘، ’’کمیونسٹ مینی فیسٹو‘‘، ڈاکٹر امبیڈکر اور سرت چندر چٹوپادھیائے کے ناول ’’پتھیر دابی‘‘ کے پوسٹر لگے ہوئے تھے۔ رکشے کا ڈرائیور اپنی قمیص پر ’’واک فار بکس‘‘ کا بیج لگائے اس کے ساتھ کھڑا تھا۔
مارچ میں شریک نوجوان خواتین کے ہاتھوں میں رابندر ناتھ ٹیگور کا ناول ’’گورا‘‘، بھارتی آئین کی ایک نقل، فاشزم پر لکھی کتاب اور نوجوان انقلابی خودی رام بوس کی سوانح عمری نظر آئی۔ دیگر شرکا نے این فرینک کی ’’ایک کم سن لڑکی کی ڈائری‘‘، بھگت سنگھ کی ’’جیل ڈائری‘‘ اور ’’کمیونسٹ مینی فیسٹو‘‘ اٹھا رکھی تھیں۔

بی جے پی کے اندر بھی کارروائی کی مخالفت
دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کے بعض سینئر رہنماؤں نے بھی بک اسٹالز کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی۔ ریاستی وزیر خزانہ اور بی جے پی کے ریاستی صدر شیامک بھٹاچاریہ نے اس کارروائی کو بنگال کی تہذیبی اور ادبی روایت کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگال کتابیں پڑھنے والوں کی سرزمین ہے اور یہاں اس طرح کی کارروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔اس کے برعکس وزیر اعلیٰ اور حکمراں جماعت کے بعض دیگر رہنماؤں کی جانب سے اس کارروائی کی حمایت کیے جانے پر تنازع مزید شدت اختیار کرگیا۔
مظاہرین کا سوال: کتاب سے دشمنی کیوں؟
آج کالج اسکوائر میں بائیں محاذ اور مختلف سول سوسائٹی تنظیموں کی جانب سے منعقدہ احتجاج میں ہر مظاہرین کے ہاتھ میں ایک کتاب نظر آ رہی تھی۔ مظاہرین کا بنیادی سوال تھا کہ آخر کتابوں سے دشمنی کیوں؟ ان کا کہنا تھا کہ کلکتہ محض ایک شہر نہیں بلکہ مطالعے، ادب، فکر اور علمی مباحث کی ایک طویل روایت کا نام ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بنگال کی اسی علمی اور ادبی ثقافت کو نشانہ بنا رہے ہیں اور کتابوں کے ذریعے اظہارِ خیال اور آزادانہ سوچ کی روایت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔احتجاج میں شریک کئی افراد نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں کتابوں کے اسٹالز یا مطالعے کی اس روایت پر اس طرح کے حملے کیے گئے تو اس سے بھی بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کیا جائے گا۔مظاہرین کے نزدیک یہ محض چند بک اسٹالز کو ہٹانے کا معاملہ نہیں، بلکہ بنگال کی اس تہذیبی شناخت اور فکری آزادی کا سوال ہے جس نے ہمیشہ کتاب، ادب اور اختلافِ رائے کو اہمیت دی ہے۔
اس مارچ کی ایک خوب صورت تصویر یہ بھی تھی کہ بچے بھی اپنے والدین کے ساتھ اس میں شریک تھے۔ چھوٹے بچوں نے اپنے ہاتھوں میں وہ کتابیں اٹھا رکھی تھیں جنہیں وہ خود پڑھ سکتے تھے۔ایک شخص کے بازو پر بیٹھی سبز لباس میں ملبوس ننھی بچی نے ’’ٹن ٹنی کی کتاب‘‘ (ٹنٹنیر بوئی) اٹھا رکھی تھی۔ یہ اپیندر کشور رائے چودھری کی بچوں کے لیے لکھی گئی مشہور کتاب ہے، جو ایک صدی سے زائد عرصے سے بنگالی بچوں کے بچپن کا حصہ رہی ہے۔
مارچ کے دوران نہ تو سیاسی نعرے لگائے گئے اور نہ ہی کسی جماعت کے حق میں آوازیں بلند ہوئیں۔ لوگ راستے بھر گیت گاتے اور نظمیں پڑھتے رہے۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ مارچ کسی سیاسی جماعت کا پروگرام نہیں تھا۔ اگرچہ بائیں بازو کے رہنما بھی اس میں شریک ہوئے، لیکن ان کے ساتھ مصنفین، ماہرینِ تعلیم، طلبہ اور اپنے بچوں کے ساتھ آنے والے عام خاندان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
مارچ کا اختتام بھی اسی مقام پر ہوا جہاں سے اس کا آغاز ہوا تھا۔ شرکا ایشور چندر ودیا ساگر کے پھولوں سے سجے مجسمے کے قریب جمع ہوئے۔ ودیا ساگر وہ عظیم سماجی مصلح تھے جنہوں نے اپنی زندگی بنگال کے عام لوگوں تک تعلیم اور کتابوں کی رسائی ممکن بنانے کے لیے وقف کر دی تھی۔یہ مارچ محض کتابوں کے تحفظ کا احتجاج نہیں تھا، بلکہ اس نے یہ پیغام بھی دیا کہ اختلافِ رائے، مطالعے اور آزادانہ اظہار کے حق کو کتابوں کے ذریعے بھی بلند کیا جا سکتا ہے۔
