کلکتہ: انصاف نیوز نیٹ ورک
مذہبی آزادی سے متعلق ایک امریکی کمیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ کمیشن کا دعویٰ ہے کہ بھارتی حکومت نظرثانی شدہ ووٹر فہرستوں سے مسلمانوں کے نام خارج کر رہی ہے، انہیں غیر ملکی قرار دے رہی ہے اور بعض معاملات میں غیر قانونی طور پر ملک بدر بھی کیا جا رہا ہے۔
امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنے سربراہ آصف محمود کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مسلم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کر رہی ہے، انہیں غیر ملکی قرار دے رہی ہے اور اب انہیں غیر قانونی طور پر ملک بدر بھی کیا جا رہا ہے۔
آصف محمود نے مزید کہا کہ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھارت کے مسلمانوں کو ’درانداز‘ قرار دے چکے ہیں اور انہیں ملک سے نکال باہر کرنے کی بات کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 نومبر کو امت شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران جن ووٹروں کے نام خارج کیے گئے ہیں، ان میں سے تین کروڑ افراد ’بنگلہ دیشی درانداز‘ تھے۔
اپوزیشن جماعتیں بھی ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے کے طریقۂ کار پر مسلسل تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ جن علاقوں میں یہ نظرثانی کی گئی ہے، وہاں سے تقریباً 13 کروڑ ووٹروں کے نام جان بوجھ کر خارج کیے گئے ہیں۔
امریکی کمیشن نے اپنے کمشنر جین ملز کے حوالے سے بھی کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے ہی شہریوں کو محض ان کے مسلم عقیدے کی بنیاد پر ملک بدر کرنا، مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے ہتھکنڈوں میں ایک چونکا دینے والا اضافہ ہے۔
کمیشن نے امریکی محکمہ خارجہ سے سفارش کی ہے کہ مذہب یا عقیدے کی آزادی کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھارت کو ’خصوصی تشویش کا حامل ملک‘ قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی ایک آزاد امریکی سرکاری ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں مذہبی آزادی کی صورت حال کی نگرانی کرتا ہے اور امریکی حکومت کو اس سلسلے میں پالیسی تجاویز پیش کرتا ہے۔ تاہم، کمیشن کی سفارشات پر عمل کرنا امریکی حکومت کے لیے لازمی نہیں ہے۔
حکومتِ ہند نے امریکی کمیشن کو متعصب قرار دیا
دوسری جانب، بھارتی وزارت خارجہ نے امریکی کمیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے متعصب قرار دیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ کمیشن کا ایک ’کھلا سیاسی ایجنڈا‘ ہے اور اس کی رپورٹوں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ردعمل کمیشن کی جانب سے بھارت میں ایس آئی آر کے دوران مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے الزام کے ایک روز بعد سامنے آیا۔
کمیشن نے اپنی 2026 کی سالانہ رپورٹ میں بھی امریکی محکمہ خارجہ سے سفارش کی تھی کہ مذہبی آزادی کی منظم، مسلسل اور سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے پیش نظر بھارت کو ’خصوصی تشویش کا حامل ملک‘ قرار دیا جائے۔
وزارت خارجہ نے تازہ الزامات کے حوالے سے الگ سے کوئی تفصیلی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے، تاہم اس سے قبل وہ یہ کہہ چکی ہے کہ کمیشن کا متعصبانہ اور سیاسی مقاصد پر مبنی جائزے پیش کرنے کا ایک پرانا وطیرہ رہا ہے۔
14 نومبر کو امریکا میں تعینات بھارتی سفیر نے بھی کمیشن کو اپنے ’تعصبات‘ پر خود احتسابی کرنے اور دوسروں کو نصیحت کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا تھا جب کمیشن نے سوشل میڈیا پر جیل میں قید کارکن شرجیل امام کا پروفائل شیئر کیا تھا۔
کمیشن نے ایک روز قبل کہا تھا کہ شرجیل امام ایک مسلمان کارکن ہیں، جنہیں بھارت میں
