نور اللہ جاوید
جب ملک بھر میں وقف ترمیمی بل کے خلاف تحریک چل رہی تھی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس تحریک کی قیادت کر رہا تھا، اس وقت جنتادل یو کا موقف مسلمانوں کے لیے مایوس کن اور تشویش ناک تھا۔ بورڈ کی کوششوں اور مسلم قیادت کی اپیلوں کے باوجود جنتادل یو نے پارلیمنٹ میں اس بل کی حمایت کی۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر للن سنگھ نے بھی بل کی حمایت میں پارلیمنٹ میں جو موقف اختیار کیا، وہ مسلمانوں کے لیے دل آزاری اور تکلیف دہ تھا۔
اس پس منظر میں 22 نومبر کو جنتادل یو کے ایم ایل سی خالد انور کی قیادت میں منعقد ہونے والی ’’پیغامِ آزاد‘‘ کانفرنس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اعلیٰ قیادت کی شرکت نے کئی بنیادی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس کانفرنس میں بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحمن مجددی، مجلس عاملہ کے رکن مولانا انیس الرحمن اور مولانا ابو طالب رحمانی کی شرکت سے متعلق اشتہار شائع ہوئے ہیں ۔سوال یہ ہے کہ آخر اس شرکت کا سیاسی اور ملی مفہوم کیا ہے؟ کیا جنتادل یو کے اس اسپانسر پروگرام میں بورڈ کی قیادت کی موجودگی کو محض اتفاق سمجھ کر نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟ یا اس کے پیچھے کوئی وسیع تر سیاسی حکمت عملی کارفرما ہے؟۔
خالد انور سیاست داں ہیں جن کا تعلق نتیش کمار کی قیادت والی جنتادل یو سے ہے، جو طویل عرصے سے بی جے پی کی سیاسی حلیف رہی ہے۔ یہ وہی جنتادل یو ہے جس نے وقف ترمیمی بل کے معاملے میں مسلمانوں کی تشویش اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے مطالبات کے باوجود بالآخر بل کی حمایت کی۔ خالد انور بورڈ کی قیادت کو یہ یقین دلاتا رہا کہ جنتادل یو بل کی حمایت نہیں کرے گی، لیکن پارلیمنٹ میں اس کے برعکس موقف سامنے آیا اور بل کی منظوری کی راہ ہموار ہوئی۔ایسے میں سوال اٹھنا فطری ہے کہ جس سیاسی جماعت نے وقف ترمیمی بل کی حمایت کی، اسی جماعت اسپانسر پروگرام میں بورڈ کی اعلیٰ قیادت کی شرکت مسلمانوں کو کیا پیغام دے گی؟ کیا یہ بیس کروڑ مسلمانوں کے جذبات اور وقف کے تحفظ کے لیے چلائی گئی تحریک کے ساتھ ناانصافی نہیں؟ کیا اس سے بہار کے مسلمانوں میں یہ تاثر پیدا نہیں ہوگا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کی مصلحتیں ملی موقف پر غالب آ رہی ہیں؟
’دین بچاؤ، دیش بچاؤ‘ ریلی اور خالد انور کا سیاسی سفر
خالد انور کا سیاسی کردار اس سے پہلے بھی بحث کا موضوع رہا ہے۔ وہی خالد انور تھے جنہوں نے مرحوم مولانا ولی رحمانی کو ’دین بچاؤ، دیش بچاؤ‘ ریلی کے انعقاد کے لیے آمادہ کیا تھا۔ مولانا ولی رحمانی کی اپیل پر لاکھوں مسلمان پٹنہ کے گاندھی میدان میں جمع ہوئے۔ اس اجتماع میں ملت کے مسائل، دینی تشخص اور سیاسی صورت حال پر سنجیدہ گفتگو کی توقع تھی، لیکن ناقدین کے مطابق اس اجتماع کے سیاسی نتائج نے ایک مختلف تصویر پیش کی۔ریلی کے مکمل ہونے سے قبل ہی خالد انور کو نتیش کمار کی جانب سے قانون ساز کونسل کی رکنیت مل گئی۔ اس پیش رفت نے اس وقت بھی یہ سوال پیدا کیا تھا کہ کیا ایک بڑی ملی تحریک کو کسی سیاسی رہنما کے ذاتی سیاسی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا؟ لاکھوں مسلمانوں کی شرکت سے حاصل ہونے والی سیاسی قوت کا فائدہ آخر کس کو پہنچا؟مولانا ولی رحمانی اپنی علمی بصیرت، سیاسی فہم اور ملی مسائل پر جرأت مندانہ موقف کے لیے معروف تھے۔ اس کے باوجود یہ سوال آج بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا ان کی مقبولیت اور ملت کے جذبات کو سیاسی مفادات کے حصول کا ذریعہ بنایا گیا؟
امارت شرعیہ کا تنازع اور خالد انور کا کردار
مولانا ولی رحمانی کے انتقال کے بعد امارت شرعیہ پھلواری شریف میں امارت کے انتخاب اور قیادت کے معاملے نے ایک سنگین تنازع کی شکل اختیار کر لی تھی۔ انجینئر فیصل رحمانی کے انتخاب پر قانونی اور انتظامی سوالات اٹھائے گئے۔ جعلی ممبروں کے ذریعہ انجینئر فیصل رحمانی امیر شریعت کے عہدہ پرفائز ہونے میں کامیاب ہوئے اور اس کے پیچھے جہاں بہت ساری قوتیں کام کررہی تھیں وہیں خالد انور اور مولانا ابو طالب رحمانی کی اس جوڑی کی کرتب اور سازش کا بڑا رول تھا۔مگر فیصل رحمانی امیرشریعت بننے کے بعد ان دونوں کے اشارے پر چلنے سے منع کردیا ۔تو ان دونوں پھر ایک سازش رچی اور امارت شرعیہ کی وہ ارباب حل و عقد جنہوں نے ملی مفادات کی خاطر فیصل رحمانی کے کڑوے گھونٹ پی لیا تھا اور خاموشی سے دوسرے کاموں میں مشغول ہوگئے تھے۔انہیں بھڑکاکر اس وقت امارت شرعیہ پر شب خون مارا جب ملت کو اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت تھی ۔امارت شرعیہ کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرتے گئے اور بالآخر ادارے کے احاطے میں پیش آنے والے واقعے نے پورے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا۔ اس واقعے کے سلسلے میں مختلف الزامات اور دعوے سامنے آئے، جن کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیق ضروری ہے۔تاہم یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ ملت کے اہم اداروں میں سیاسی مداخلت اور شخصی مفادات کے لیے پیدا ہونے والی کشمکش کا نقصان آخر کس کو پہنچتا ہے؟ امارت شرعیہ جیسے ادارے کو اختلافات اور تنازعات میں الجھانے کے بجائے اس کی وحدت، خودمختاری اور ملی وقار کا تحفظ کیا قیادت کی اولین ترجیح نہیں ہونی چاہیے؟ایسے حالات میں خالد انور کی قیادت میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں مسلم پرسنل لا بورڈ کی اعلیٰ قیادت کی شرکت نے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ جب بورڈ خود سیاسی مصلحتوں اور مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے درمیان ایک واضح لکیر کھینچنے میں ناکام دکھائی دے تو اس کے فیصلوں پر سوالات اٹھنا لازمی ہے۔
’پیغامِ آزاد‘ یا جنتادل یو کا سیاسی پیغام؟
لیکن سب سے اہم سوال یہ ہے کہ خالد انور کی قیادت میں منعقد ہونے والی ’پیغامِ آزاد‘ کانفرنس کا اصل مقصد کیا ہے؟کیا واقعی اس کانفرنس کا مقصد مولانا ابوالکلام آزاد کے سیکولر، جمہوری اور متحدہ ہندوستان کے تصور کو آگے بڑھانا ہے؟ کیا اس اجتماع کے ذریعے قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آئینی اقدار کے تحفظ کا پیغام دیا جائے گا؟یقیناً مولانا آزاد کی شخصیت اور ان کے افکار کسی ایک سیاسی جماعت یا گروہ کی میراث نہیں ہیں۔ ان کا پیغام مذہبی رواداری، قومی یکجہتی، جمہوریت اور مشترکہ ہندوستانی تہذیب کا پیغام تھا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس پیغام کو آگے بڑھانے کا دعویٰ کرنے والے سیاسی کرداروں کی اپنی سیاسی وابستگیاں اور عملی ترجیحات کیا ہیں؟خالد انور کا تعلق جنتادل یو سے ہے، جو نتیش کمار کی قیادت میں بی جے پی کی اتحادی جماعت رہی ہے۔ بی جے پی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے متعدد ایسے فیصلے سامنے آئے ہیںجس نے مسلمانوں کو براہ راست متاثر کیا ہے اور مسلمانوں کو مذہبی و ملی شناخت سے محروم کرنے کی کوشش تھی ۔وقف ترمیمی بل بھی انہی میں سے ایک تھا، جس کے خلاف ملک گیر سطح پر تحریک چلائی گئی۔ ایسے میں جنتادل یو کے ایک اہم رہنما کی قیادت میں منعقد ہونے والے پروگرام کو مولانا آزاد کے سیکولر افکار کی حقیقی ترجمانی قرار دینے سے پہلے اس کے سیاسی پس منظر کو سمجھنا ضروری ہے۔
جنتادل یو کے ایک قریبی سیاسی حلقے سے وابستہ ایک شخص کے مطابق اس کانفرنس کے پس پردہ پارٹی کی ایک سیاسی حکمت عملی کارفرما ہے۔ ان کے بقول جنتادل یو کی قیادت نے خالد انور کو مسلمانوں میں پارٹی کی کھوئی ہوئی سیاسی حمایت بحال کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اس پروگرام کو اسی کوشش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔اگر یہ دعویٰ درست ہے تو پھر کانفرنس کی نوعیت محض ایک فکری یا ادبی اجتماع کی نہیں رہ جاتی۔ اس صورت میں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی قیادت کو خصوصی طور پر مدعو کرنے کے پیچھے کیا حکمت عملی ہے؟ کیا بورڈ کی قیادت کی شرکت کے ذریعے مسلمانوں کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وقف ترمیمی بل کی حمایت کے باوجود جنتادل یو اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں؟اگر ایسا ہے تو یہ صورت حال نہایت تشویش ناک ہے۔ کیونکہ وقف ترمیمی بل کے خلاف ملک گیر تحریک میں بورڈ نے مسلمانوں کو جس موقف پر متحد کیا تھا، اس کے برعکس سیاسی جماعت کے پروگرام میں اس کی قیادت کی شرکت عوام کے سامنے ایک متضاد پیغام پیش کر سکتی ہے۔
مسلم پرسنل لا بورڈ: اصولی موقف یا سیاسی مصلحت؟
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مسلم پرسنل لا بورڈ کی قیادت کے سیاسی کردار اور اس کے فیصلوں پر سوالات اٹھے ہوں۔ مغربی بنگال میں وقف بورڈ کے خلاف منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں بھی بورڈ کی قیادت کی شرکت نے تنازع پیدا کیا تھا۔اس پروگرام کو ترنمول کانگریس کی قیادت میں وقف کے معاملے پر پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال اور ممتا بنرجی کی شبیہ بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا گیا۔ اس کے باوجود بورڈ کی قیادت اس اجتماع میں شریک ہوئی۔ بعد میں جب ممتا بنرجی اسٹیج پر پہنچیں تو بورڈ کی قیادت کو وہ اہمیت نہیں ملی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔یہ محض ایک تقریب میں پروٹوکول یا کسی شخصیت کی جانب سے توجہ نہ دیے جانے کا معاملہ نہیں تھا۔ اصل سوال یہ تھا کہ ایک ایسی ملی تنظیم جس کی اپنی ایک تاریخی شناخت اور عوامی وقار ہے، اسے سیاسی جماعتوں کے پروگراموں میں اپنی حیثیت اور وقار کا کس حد تک خیال رکھنا چاہیے؟مسلم پرسنل لا بورڈ کی تاریخ گواہ ہے کہ ایک وقت تھا جب اس کی آواز ملک کی سیاست اور قانون سازی پر اثر انداز ہوتی تھی۔ شاہ بانو مقدمے کے بعد راجیو گاندھی حکومت نے جس طرح پارلیمنٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے فیصلے کے اثرات کو تبدیل کیا، اس میں بورڈ کے موقف اور مسلم قیادت کی تحریک کا اہم کردار تھا۔ اس وقت بورڈ کی اپیل پر ملک بھر میں مسلمان متحرک ہوتے تھے اور اس کی قیادت کو ایک مؤثر ملی آواز سمجھا جاتا تھا۔لیکن آج صورت حال مختلف دکھائی دیتی ہے۔ بورڈ احتجاج کا اعلان کرتا ہے، پھر اس پر عمل درآمد نہیں ہو پاتا۔ کسی اہم معاملے پر تحریک شروع ہوتی ہے، لیکن اس کے نتائج عوام کی توقعات کے مطابق سامنے نہیں آتے۔ وقف ترمیمی بل کے خلاف ملک گیر تحریک کے باوجود سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کے معاملے میں بورڈ کی قیادت کے فیصلے مزید سوالات پیدا کر رہے ہیں۔آخر ایسا کیوں ہے؟ کیا بورڈ کی قیادت عوامی جذبات اور سیاسی مصلحتوں کے درمیان توازن قائم کرنے میں ناکام ہو رہی ہے؟ کیا بورڈ کی حکمت عملی میں واضح سمت کا فقدان ہے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کیا بورڈ اپنی تاریخی حیثیت اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے سنجیدہ ہے؟
ملی قیادت کو سیاست دانوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے کون بچائے گا؟
مسلم پرسنل لا بورڈ محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ملک کے مسلمانوں کے ایک بڑے طبقے کے لیے ایک اہم ملی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی قیادت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر مسلمانوں کے آئینی، مذہبی اور اجتماعی حقوق کی ترجمانی کرے گی۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ بورڈ سیاسی جماعتوں سے بات چیت نہ کرے یا قومی یکجہتی کے پروگراموں میں شرکت سے گریز کرے۔ یقیناً ہر جمہوری معاشرے میں مکالمہ اور سیاسی روابط ضروری ہیں۔ لیکن یہ روابط اصولوں کی قیمت پر نہیں ہونے چاہئیں۔جس جماعت نے وقف ترمیمی بل کی حمایت کی ہو، اس کے ایک اہم رہنما کے پروگرام میں بورڈ کی اعلیٰ قیادت کی شرکت سے پہلے کم از کم یہ وضاحت ضروری تھی کہ اس شرکت کا مقصد کیا ہے اور اس سے بورڈ کے سابقہ موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔مسلمانوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کی نمائندگی کرنے والے ادارے کن بنیادوں پر فیصلے کرتے ہیں۔ انہیں یہ حق بھی حاصل ہے کہ وہ اپنی قیادت سے سوال کریں۔ کسی بھی ملی ادارے کی طاقت اس کی قیادت کے عہدوں، شہرت یا سیاسی رسائی میں نہیں بلکہ عوام کے اعتماد میں ہوتی ہے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ اپنی سیاسی ترجیحات اور حکمت عملی کے بارے میں واضح موقف اختیار کرے۔ اسے یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ مسلمانوں کے اجتماعی مفادات کی نمائندگی کرنے والا ایک خودمختار ادارہ بن کر کام کرے گا یا سیاسی جماعتوں کے لیے اپنی قبولیت اور اثر و رسوخ کو انتخابی فائدے کا ذریعہ بننے دے گا۔آخر کب تک مسلمانوں کی اجتماعی قوت، ان کے جذبات اور ان کی ملی قیادت کو سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتی رہیں گی؟ اور آخر کب تک ملی قیادت اس حقیقت سے آنکھیں بند کیے رکھے گی کہ عوامی اعتماد کسی سیاسی رہنما کی سرپرستی سے نہیں بلکہ اصولی موقف، دیانت دارانہ قیادت اور عملی جدوجہد سے حاصل ہوتا ہے؟
