صبا نقوی
سونیا گاندھی اب اس قدر ہماری اور ہندوستان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں کہ جب میں نے ان کی کتاب)اپنائیت: محبت کا ایک سفر) کھولی اور دیکھا کہ اس کا آغاز انگلینڈ میں اطالوی کھانوں کے لیے ان کی تڑپ کے ذکر سے ہوتا ہے تو مجھے قدرے حیرت ہوئی۔ پہلے ہی صفحے پر وہ برطانیہ کے موسم اور وہاں کے کھانوں سے اپنی ناپسندیدگی کا کھل کر اظہار کرتی ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ انہیں ان کھانوں کا ذائقہ تو دور، ان کی شکل تک پسند نہیں تھی۔ تاہم، قدرت نے اس کی تلافی انہیں راجیو گاندھی سے ملا کر کر دی۔ یوں محبت کی ایک عظیم داستان شروع ہوئی، جو سونیا کو ہندوستان لے آئی اور ان کی زندگی کا غیر معمولی سفر جدید ہندوستانی تاریخ کے نشیب و فراز کے ساتھ جڑ گیا۔
میں نے یہ کتاب ہندوستان کی تاریخ کے بڑے واقعات پر سونیا کا نقطہ نظر جاننے کے لیے اٹھائی تھی۔ ان واقعات میں وہ وقت بھی شامل ہے جب وہ اندرا گاندھی کے گھرانے کا حصہ بنیں اور اندرا نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی، پھر ان کا قتل، اس کے بعد 1984 کا خون خرابہ، بابری مسجد کا انہدام، راجیو گاندھی کا وزیر اعظم بننا اور پھر ایک اور قتل کا ناقابلِ بیان صدمہ۔ اس کے علاوہ کانگریس کی طویل ترین مدت تک صدر رہنے والی سونیا گاندھی کا اپنا سیاسی سفر اور ان کے بچوں کی سیاست میں آمد بھی اس داستان کا حصہ ہے۔
کتاب میں یہ سب کچھ موجود ہے۔ یہ ایک دل دہلا دینے والی، تکلیف دہ اور بعض اعتبار سے قابلِ ستائش داستان ہے؛ ایک ایسی عورت کی کہانی جس نے زندگی کے بکھرے ہوئے حصوں کو سمیٹا، نامساعد حالات میں ثابت قدم رہی اور منموہن سنگھ کے دورِ حکومت میں منریگا جیسے اہم قوانین کی منظوری کے موقع پر بے پناہ اطمینان محسوس کیا۔
تاہم، مجھے یہ کتاب اس کی چھوٹی چھوٹی تفصیلات، دلچسپ انکشافات اور گہری بصیرت کی وجہ سے زیادہ پسند آئی۔ بھلا کسے معلوم تھا کہ جب اندرا گاندھی غصے میں ہوتیں تو اپنے عملے کے افراد کو کمرے کے کونوں میں کھڑا کر دیتی تھیں۔ سونیا نے ایک مرتبہ ایک کانگریسی رہنما کو بھی اسی طرح سزا بھگتتے دیکھا، جو گھنٹوں دیوار کی طرف منہ کیے کھڑا رہا!
یہ بھی دلچسپ انکشاف ہے کہ راجیو گاندھی بچوں، راہل اور پرینکا کو نظم و ضبط سکھانے کے لیے ان سے سو مرتبہ وہ جملہ لکھواتے تھے جس میں وہ اپنی غلطی نہ دہرانے کا عہد کرتے تھے۔ پرینکا لکھتی تھیں، ”میں دروازے زور سے بند نہیں کروں گی“، جب کہ راہل لکھتے تھے، ”میں بتیاں بند کروں گا“۔
اسی طرح یہ بات بھی کم لوگوں کو معلوم ہوگی کہ اندرا گاندھی سرکاری تقریبات میں شرکت کے لیے اپنی لمبی پلکوں پر مسکارا لگاتی تھیں، اپنی پرانی خاندانی اور ہاتھ سے نی ہوئی ساڑیوں کو بڑی احتیاط سے سنبھال کر رکھتی تھیں اور اتر پردیش کے بیشتر لوگوں کی طرح روزانہ ارہر کی دال کھاتی تھیں، البتہ کشمیری پنڈت کھانے بھی انہیں بے حد پسند تھے۔ مختصر مدت کی قید کے دوران انہوں نے سونیا سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ قید ایک آسٹریلوی خاتون کے لیے بھی کھانا لے آئیں، جس کا تعلق بدنام زمانہ قاتل چارلس سوبھراج سے رہا تھا۔
غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ اندرا گاندھی کے رویے کی سونیا کی عکاسی بھی غیر معمولی باریک بینی پر مبنی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فیڈل کاسترو نے اندرا گاندھی کے ساتھ ابتدائی جھجک کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ برسوں بعد، جب راجیو گاندھی وزیر اعظم بنے تو کاسترو نے ان سے چھ گھنٹے طویل گفتگو کی۔
اس کے برعکس، ملکہ الزبتھ کی میزبانی میں ہونے والے ایک ظہرانے کے دوران اندرا گاندھی خاموش بیٹھی رہیں، جب کہ ملکہ خود گفتگو کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھیں۔ اسی دوران شہزادی مارگریٹ کا گلاس بار بار خاموشی سے بھرا جا رہا تھا۔ ایسے واقعات کتاب کو غیر معمولی طور پر دلچسپ بنا دیتے ہیں۔ جب دنیا کے بڑے رہنما اندرا گاندھی اور بعد ازاں راجیو گاندھی سے ملاقات کرتے ہیں تو ان ملاقاتوں کی مختصر مگر معنی خیز جھلکیاں سامنے آتی ہیں۔
اندرا گاندھی کے گھر آنے والے مستقل مہمانوں کا تذکرہ بھی دلچسپ انداز میں کیا گیا ہے۔ سونیا نے دھیریندر برہمچاری کو یوگا کے استاد اور ”نارد منی“ کے طور پر بیان کیا ہے، جو ادھر کی بات ادھر پہنچانے کے لیے مشہور تھے۔ ان کے بقول، ان کی ”لمبی داڑھی تھی اور بال ایسے رنگے ہوئے تھے کہ میں انہیں غیر فطری حد تک گہرا سیاہ کہوں گی۔ یہ رنگ قدرتی سیاہی سے کہیں زیادہ گہرا تھا۔“
کتاب میں راجیو گاندھی کے دوست امت کا ذکر بھی ملتا ہے، جو اس وقت موجود تھے جب سونیا شادی سے قبل پہلی مرتبہ ہندوستان آئی تھیں۔ انہیں ان کے والدین، ہری ونش رائے بچن اور تیجی بچن کے گھر ٹھہرنے کے لیے لے جایا گیا تھا۔ تاہم، امت کے ساتھ اس دوستی کا آگے کیا ہوا، اس بارے میں کتاب خاموش ہے۔ قارئین یقیناً یہ جاننا پسند کرتے کہ اس تعلق کا انجام کیا ہوا، خصوصاً اس لیے کہ امت بعد میں ہندوستان کے ایک بڑے فلمی ستارے بن گئے۔
ہندوستان میں سونیا کی زندگی ایک مثالی بیوی اور بہو کے طور پر سامنے آتی ہے۔ ان کے کئی گھنٹے نئے کھانوں اور نئی زبان سے ہم آہنگ ہونے میں گزرتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے شوہر کے پائلٹ کی تربیت اور ملازمت کے دوران ان کی واپسی کا انتظار کرتی رہیں اور بعد میں ایک سیاست دان اور وزیر اعظم کی اہلیہ کی حیثیت سے بھی اسی انتظار اور گھریلو ذمہ داریوں کا حصہ رہیں۔
انہوں نے محبت اور توجہ کے ساتھ اپنے بچوں کی پرورش کی، حالاں کہ کتاب سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں ایک بچے کی پیدائش کے وقت موت کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا تھا۔ وہ اپنی غیر معمولی ساس اندرا گاندھی کے ساتھ ایک روایتی ہندوستانی بہو کی طرح رہیں اور ان کی خدمت کرتی رہیں۔ یہاں تک کہ جب اندرا گاندھی پر قاتلانہ حملہ ہوا تو سونیا ڈریسنگ گاو¿ن میں ہی دوڑتی ہوئی باہر آئیں اور انہیں گولیوں سے چھلنی حالت میں اسپتال لے گئیں۔
جب کہانی کا رخ بدل گیا
یہ وہ مقام ہے جہاں کہانی ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے۔ جب راجیو گاندھی کو عجلت میں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلایا جا رہا تھا تو سونیا کی ذہنی کیفیت کا بیان انتہائی دردناک ہے۔ وہ لکھتی ہیں، ”مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے کسی نے میرے دل میں خنجر گھونپ دیا ہو۔“ انہوں نے راجیو سے التجا کی کہ ”وہ تمہیں بھی مار ڈالیں گے۔“ راجیو نے جواب دیا، ”وہ مجھے ویسے بھی مار ڈالیں گے۔“
ساڑھے چھ سال بعد کم عمر پرینکا اپنی ماں کو یہ خبر دیتی ہیں کہ ”پاپا مر گئے ہیں۔“ راجیو گاندھی کی موت کے بعد ان کے چہرے اور آنکھوں کو آخری مرتبہ دیکھنے کی سونیا کی شدید خواہش اور پھر انہیں پہنچنے والے ناقابلِ تلافی نقصان کا بیان آج بھی دل دہلا دیتا ہے۔
مجھے یہ اعتراف کرنے دیجیے کہ سونیا کی کتاب پر ہونے والی بحثوں اور بی جے پی و اکالی دل کی تنقید کے باوجود، مجھے اس خاندان کی زندگی کے دوسرے، نسبتاً نجی پہلو زیادہ دلچسپ لگے۔ مثال کے طور پر، جواہر لال نہرو کا یہ اعتراف کہ وہ ایک اچھے باپ یا شوہر ثابت نہیں ہو سکے، اور اندرا گاندھی کے اپنے شوہر فیروز گاندھی کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سونیا کی بصیرت۔
اس خاندان پر نظر رکھنے والے قارئین خاندان کے اندر موجود اس بڑی دراڑ کے بارے میں بھی جاننا چاہیں گے، جس کا نتیجہ بالآخر مینکا گاندھی کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیے جانے کی صورت میں نکلا۔ یہ واقعہ 1982 میں سنجے گاندھی کی طیارے کے حادثے میں ہلاکت کے دو سال سے بھی کم عرصے بعد پیش آیا۔
بظاہر اندرا گاندھی نے مینکا کو ان کے سیاسی عزائم اور بعض ایسے روابط کی وجہ سے گھر چھوڑنے کے لیے کہا تھا جنہیں وہ اپنے سیاسی حریفوں کی سازشوں اور آر ایس ایس سے وابستہ سمجھتی تھیں۔ اس وقت تک خاندان کے اندرونی تعلقات کافی خراب ہو چکے تھے۔
1977 میں ایمرجنسی کے بعد ہونے والے انتخابات میں اندرا گاندھی کی شکست کے بعد سونیا کا خیال تھا کہ مینکا نے صحافیوں کے ذریعے یہ افواہیں پھیلائیں کہ وہ اور راجیو ملک چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سونیا کے مطابق، مینکا اپنے بیٹے ورون گاندھی کی اپنی دادی سے ملاقاتوں کو بھی محدود کرتی تھیں۔ یہ معاملہ یہاں تک بڑھا کہ خاندان کو عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ بظاہر اس سلسلے میں آخری قانونی نوٹس اندرا گاندھی کے قتل سے چند ماہ قبل بھیجا گیا تھا۔
ایمرجنسی اور 1984 کے خون خرابے جیسے متنازعہ واقعات پر سونیا کا بیان فطری طور پر خاندان کے نقط? نظر کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اور راجیو گاندھی نے ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے اندرا گاندھی کو متاثر کرنے کی ذمہ داری براہِ راست سنجے گاندھی پر عائد کی ہے۔ تاہم، اس حقیقت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ اندرا گاندھی کو ایسے مشورے بھی دیے گئے تھے جن کے نتیجے میں انہوں نے انتخابی شکست کا خطرہ مول لے کر ایمرجنسی ختم کرنے اور انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔
اسی طرح، 1984 میں اندرا گاندھی کے سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل کے بعد ہونے والے قتلِ عام پر کانگریس کی جانب سے بھی مختلف مواقع پر افسوس کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
بالآخر سونیا گاندھی نے منموہن سنگھ کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا۔ کتاب میں وہ اس انتخاب کی بعض دلچسپ وجوہات بیان کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، منموہن سنگھ کانگریس کے کسی بھی دھڑے سے وابستہ نہیں تھے اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں معاشی اصلاحات متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر چکے تھے۔
سونیا لکھتی ہیں کہ چونکہ یو پی اے (UPA) حکومت کو کمیونسٹ جماعتوں کی حمایت حاصل ہونے والی تھی، اس لیے انہوں نے سوچا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ برسوں پہلے شروع کی گئی معاشی پالیسیوں کو آگے بڑھانے اور جاری رکھنے کی حکومت کی صلاحیت کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو دور کر سکیں گے۔
یہ ایک ایسی کتاب ہے جسے اس کی رواں اور دلچسپ تحریر کی وجہ سے ایک ہی نشست میں پڑھا جا سکتا ہے، لیکن سونیا گاندھی کی شخصیت اور ان کے تجربات کی وجہ سے اس کا گہرائی سے مطالعہ بھی کیا جائے گا۔
سونیا کی زندگی میں سیاست کی غیر معمولی اہمیت کے باوجود، وہ بنیادی طور پر ایک ایسی شخصیت ہیں جن کی زندگی کا محور ان کا خاندان رہا ہے۔ کتاب کے سرورق پر موجود تصویر راجیو گاندھی نے کھینچی تھی۔ ظاہر ہے، وہ انگلینڈ میں ملنے والی اس اطالوی لڑکی کی محبت میں پوری طرح گرفتار ہو چکے تھے۔ جب کہ کتاب کے پچھلے سرورق پر موجود تصویر پرینکا کے بیٹے ریحان واڈرا اور ان کی ساتھی اویوا بیگ نے کھینچی ہے۔ یہ ایک ایسی دادی کی تصویر ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں ایسے فیصلے کیے جنہوں نے ہمارے ملک کی تاریخ اور تقدیر پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
