کلکتہ : انصاف نیوز نیٹ ورک ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹسکے ’ہیٹ اسپیچ ٹریکر‘ نے جنوری سے ستمبر 2026 کے درمیان کم از کم 16 ریاستوں میں 57مقررین نے 83ویں مرتبہ مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کیے ہیں۔ ان میں سے 33 تقاریر عوامی عہدوں پر فائز شخصیات نے کی ہیں ۔ جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، دہلی کے ایک ہی علاقے، اتم نگر، میں تشدد پر اکسانے والے 110 ویڈیو کلپس بھی سامنے آئے۔ تاہم ان 83 تقاریر میں سے صرف چھ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی اور کسی بھی مقرر کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
”اس بار عید نہیں منانے دیں گے۔“
مارچ 2026 میں دہرادون، میرٹھ اور رائے بریلی سے آئے ہوئے افراد مغربی دہلی کے اتم نگر کی جے جے کالونی کی گلیوں میں مائیکروفون لے کر کھڑے ہوگئے۔ ہندو رکشا دل کے اتراکھنڈ ریاستی صدر للت شرما نے اعلان کیاکہ ”اس بار کوئی م±لّا عید نہیں منائے گا، جب تک کہ ان میں سے ہر ایک کے سینے میں گولی نہ اتار دی جائے۔“
اگلے چند ہفتوں کے دوران اے پی سی آر نے دہلی کے اسی محلے سے متعلق اس نوعیت کے 110 ویڈیو کلپس جمع کرکے انہیں دستاویزی شکل دی ہے۔ ان میں سے 60 کلپس میں مسلمانوں کو قتل کرنے، گولی مارنے یا پولیس کے ہاتھوں ان کا ”انکاو¿نٹر“ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود دہلی پولیس نے ان واقعات میں سے کسی ایک پر بھی ایف آئی آر درج نہیں کی ہے۔
اتم نگر میں نفرت انگیزی کی یہ مہم اے پی سی آر کی جنوری سے ستمبر 2026 تک کی ’ہیٹ اسپیچ ٹریکر‘ رپورٹ کا مرکزی موضوع ہے۔اس رپورٹ کو 10نومبر کو نئی دہلی میں جاری کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کم از کم 16 ریاستوں میں 57 مقررین کی جانب سے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے 83 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 33 تقاریر عوامی عہدوں پر فائز شخصیات نے کی ہیں ۔جن میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور چار وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔
ان 83 تقاریر میں سے صرف چھ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ صرف ایک معاملے میں گرفتاری عمل میں آئی، اور وہ بھی کسی تقریر کے سلسلے میں نہیں بلکہ مارچ میں مسلم مخالف وال چاکنگ (دیواروں پر اشتعال انگیز تحریریں لکھنے) کے الزام میں ہندو رکشا دل کے تین ارکان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ رپورٹ اے پی سی آر کے ’ہیٹ کرائم ٹریکر‘ کے ساتھ جاری کی گئی، جس میں اس 9 ماہ کے دوران مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے 322 واقعات درج کیے گئے۔ دونوں ٹریکرز میں مجموعی طور پر 405 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اقتدار کی بالائی سطح سے پھیلتی نفرت
رپورٹ میں کہا گیا ہے: ”سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والے کون لوگ ہیں۔“
ان میں سے 11 تقاریر وزرائے اعلیٰ یا نائب وزرائے اعلیٰ نے کی oyz۔ ان میں اتر پردیش کے یوگی آدتیہ ناتھ اور کیشو پرساد موریہ، آسام کے ہمانتا بسوا سرما، اتراکھنڈ کے پشکر سنگھ دھامی اور مغربی بنگال کے شوبھیندو ادھیکاری شامل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے 14 مارچ کو کلکتہ میں بنگال کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے والے ”دراندازوں“ کا ذکر کیا۔ اسی طرح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مارچ میں مغربی بنگال اور آسام میں دو مرتبہ ”دراندازوں“ کو نکال باہر کرنے کا وعدہ کیا۔
ہندوتوا تنظیموں اور مذہبی رہنماوں، جن میں وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی)، بجرنگ دل، ہندو رکشا دل، سکل ہندو سماج اور مسلح اکھاڑے شامل ہیں نے مجموعی طور پر 25 تقاریر کیں۔ اگرچہ انفرادی تنظیموں میں یہ سب سے زیادہ تقاریر کرنے والا گروہ ہے، لیکن رپورٹ کے مطابق یہ تنظیمیں اس ماحول میں کام کر رہی ہیں جسے اقتدار میں بیٹھے لوگوں نے پیدا کیا ہے۔
یوم جمہوریہ کے موقع پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”ایک امریکی این جی او نے مجھے سب سے زیادہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں میں پہلے نمبر پر رکھا ہے…“ رپورٹ کے مطابق انہوں نے اس درجہ بندی کو تمغے کی طرح پیش کیا، جس سے ان کے ماتحت کام کرنے والوں کو یہ پیغام ملا کہ کس حد تک جانے کی اجازت ہے۔
83 میں سے تقریباً نصف، یعنی 37 تقاریر میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کےلئے اکسانے یا ہندووں کو مسلح ہونے کی ترغیب دی گئی۔ 19 تقاریر میں مسلمانوں کو ”درانداز“ اور ”بنگلہ دیشی“ قرار دیا گیا، خاص طور پر آسام اور بنگال میں انتخابی مہم کے دوران۔ 16 تقاریر میں مسلمانوں کے لیے ”سبز سانپ“، ”کیڑے مکوڑے“ اور ”گندگی“ جیسے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔
اسی طرح 16 تقاریر میں سڑکوں پر مسلمانوں کی نماز اور مساجد کو ایک ایسے مسئلے کے طور پر پیش کیا گیا جسے ختم کرنا ضروری ہے۔ 18 تقاریر میں مسلمانوں کے سماجی و معاشی بائیکاٹ، انہیں گربا میں شرکت سے روکنے اور محلوں سے نکالنے کے مطالبات کیے گئے، جب کہ 12 تقاریر میں مسلمانوں کے مختلف معاملات کو ”جہاد“ کی شکل قرار دیا گیا، مثلاً لو جہاد، لینڈ جہاد اور کارپوریٹ جہاد۔
چار تقاریر میں عیسائیوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں زیادہ تر تبدیلیِ مذہب کے معاملے پر تھی۔ ستمبر میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے عیسائیوں کو خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی تبدیلیِ مذہب کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ان تقاریر کا براہِ راست تعلق نفرت انگیز جرائم کے ٹریکر میں درج گرجا گھروں اور دعائیہ اجتماعات پر ہونے والے حملوں سے ہے۔
انتخابات اور مذہبی تہواروں کے آس پاس نفرت انگیز تقاریر میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔ 2026 کے موسم بہار میں آسام اور مغربی بنگال کے انتخابات سے قبل کے ہفتوں میں ”دراندازوں“ سے متعلق تقاریر کی بھرمار رہی۔ اس سال ہولی رمضان کے دوران ہوا۔ مئی کے آخر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشیوں، گائے کے گوشت اور سڑکوں پر نماز کے حوالے سے اشتعال انگیز بیانات دیے گئے۔ ستمبر میں گنیش اتسو اور نوراتری کے دوران گربا میں مسلمانوں کی شرکت پر پابندی اور ہتھیار اٹھانے کی اپیلیں سامنے آئیں۔
وہی چہرے، بار بار
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”2026 میں زیادہ تر نفرت انگیز تقاریر کسی بھیڑ میں شامل اجنبی افراد کی جانب سے نہیں کی گئی ہیں، بلکہ یہ ان لوگوں کی طرف سے سامنے آئیں جو پہلے بھی ایسا کر چکے تھے اور جانتے تھے کہ ان کا کچھ نہیں بگڑے گا۔“
اے پی سی آر نے ایسے 12 افراد کی نشاندہی کی ہے جن کے نام اس کے ریکارڈ میں سب سے زیادہ مرتبہ سامنے آئے۔ ان میں سے سات افراد عوامی عہدوں پر فائز ہیں، جن میں ایک مرکزی وزیر، چار وزرائے اعلیٰ، ایک ریاستی وزیر اور ایک رکن اسمبلی شامل ہیں۔ باقی پانچ افراد ہندوتوا تنظیموں کی قیادت یا ترجمانی کرتے ہیں یا بڑے سوشل میڈیا اکاو¿نٹس چلاتے ہیں۔
رپورٹ میں شامل تقریباً 50 تقاریر اور ویڈیو کلپس انہی 12 افراد سے متعلق ہیں۔
ان 50 واقعات میں پولیس نے صرف پانچ ایف آئی آر درج کی ہیں، جو ان 12 میں سے چار افراد کے خلاف تھیں۔ ٹی راجہ سنگھ کے علاوہ عوامی عہدہ رکھنے والے کسی بھی شخص کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ان میں سے کم از کم تین ایف آئی آر پولیس نے ازخود نہیں بلکہ عام شہریوں کی شکایات پر درج کی ہے۔ ان 12 افراد میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
نتیش رانے: کنکاولی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نتیش رانے نے مارچ سے ستمبر کے درمیان نو تقاریر اور عید کے حوالے سے ایک بیان دیا۔ انہوں نے کہاکہ ”بھائی چارہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے… جو بھی اس لفظ پر یقین رکھتا ہے، اسے پاکستان چلے جانا چاہیے۔“ رپورٹ کے مطابق ان بیانات پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
ہمانتا بسوا سرما: آسام کے وزیر اعلیٰ نے مارچ سے مئی کے درمیان چار تقاریر کی۔ انہوں نے بی جے پی کی جیت کی صورت میں ”میاو¿ں“ کی ”کمر توڑ دینے“ کا عزم ظاہر کیا اور ایک ایسی اے آئی ویڈیو کا دفاع کیا جس میں انہیں مسلمانوں پر گولی چلاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ان کے خلاف بھی کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے۔
ٹی راجہ سنگھ: حیدرآباد کے گوشہ محل سے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے مارچ سے جون کے درمیان چار تقاریر کی ہیں۔ انہوں نے سورت میں مسلمانوں کو ”کیڑے مکوڑے“ قرار دیا اور بعد میں مسلمانوں کو ”آمنے سامنے لڑنے“ کا چیلنج دیا۔ جون میں مہدی پٹنم اور دبیر پورہ پولیس اسٹیشنوں میں ان کے خلاف دو ایف آئی آر درج ہوئیں۔ دونوں مقدمات مسلم شہریوں سلمان خان اور محمد فیض علی خان کی شکایات پر درج کیے گئے، تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے مئی سے ستمبر کے درمیان تین تقاریر کیں۔ انہوں نے کہاکہ ”بابر اور اورنگ زیب کے پیروکار… ایک بار پھر معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔“ ان کے خلاف کوئی کارروائی رپورٹ نہیں ہوئی۔
پشکر سنگھ دھامی: اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے جنوری سے مئی کے درمیان دو تقاریر کیں اور عیدالاضحیٰ کی نماز کے حوالے سے ایک حکم نامہ بھی جاری کیا۔ ان کے خلاف کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے۔
امت شاہ: مرکزی وزیر داخلہ نے مارچ میں دو تقاریر کے دوران آسام سے ہر ”درانداز“ کو نکال باہر کرنے اور بنگال سے ان کا صفایا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
شوبھیندو ادھیکاری: مغربی بنگال کے قائد حزب اختلاف نے جون اور جولائی میں دو بیانات دیے۔ انہوں نے کہاکہ ’یہ سب انہی جمعہ والوں نے کیا ہے۔“ ان کے خلاف کوئی کارروائی رپورٹ نہیں ہوئی۔ جس تصادم کے حوالے سے انہوں نے یہ بیان دیا تھا اس کے بعد گرفتار کیے گئے 14 افراد میں سے 13 مسلمان تھے۔
مدھورام شرن شیوا: شیو شکتی اکھاڑہ کے سربراہ نے ستمبر میں مسلسل تین دن، یعنی 14 سے 16 ستمبر تک اتر پردیش کے تین اضلاع میں اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہتھیاروں کے بغیر حفاظت ناممکن ہے۔“ ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی رپورٹ نہیں ہوئی۔
للت شرما: ہندو رکشا دل کے رہنما للت شرما اتم نگر سے متعلق چھ ویڈیو کلپس میں نظر آئے اور انہوں نے دہرادون میں بھی تقریر کی۔ اتراکھنڈ میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں، جن میں سہس پور پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعات 196، 299 اور 353 کے تحت درج مقدمہ بھی شامل ہے۔ تاہم دہلی میں ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا اور انہیں گرفتار بھی نہیں کیا گیا۔
ردھیما شرما: ہندوتوا سوشل میڈیا انفلوئنسر ردھیما شرما نے جنوری میں رائے بریلی اور مارچ میں اتم نگر کے معاملے پر تقریر کی۔ انہوں نے کہاکہ ’اگر وہ تمہارے دو مارتے ہیں تو تم بدلے میں 100 لوگوں کو مارو۔“ ایک نجی شکایت کے بعد 27 جنوری کو شیو گڑھ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں ان کا نام شامل کیا گیا، لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ چھ ہفتے بعد وہ اتم نگر میں بھی تقریر کرتی نظر آئیں۔
دکش چودھری: ہندوتوا سوشل میڈیا انفلوئنسر دکش چودھری نے جنوری میں رائے بریلی میں تقریر کی اور مارچ میں اتم نگر کے دو ویڈیو کلپس میں نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ ”کوئی ہمیں ہاتھ لگا کر تو دیکھے، ہم انہیں زمین میں دس فٹ نیچے گاڑ دیں گے۔“ شیو گڑھ کی اسی ایف آئی آر میں ان کا نام بھی شامل تھا، لیکن نہ انہیں گرفتار کیا گیا اور نہ ہی دہلی میں ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہوئی۔
سامی وششٹھ: اتم نگر کی فوٹیج میں سب سے زیادہ بار سامنے آنے والے مقرر سامی وششٹھ پانچ کلپس میں نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ ”رنگ حرام ہے؟ تمہارا جینا حرام ہے۔ہم یہیں تلواریں لے کر کھڑے ہیں، آو¿۔“ ان کے خلاف کوئی کارروائی رپورٹ نہیں ہوئی۔
دیگر افراد بھی بار بار نفرت انگیز بیانات دیتے رہے۔ بی جے پی رہنما کریٹ سومیا نے اپریل میں میرا روڈ پر تقریر کی اور عیدالاضحیٰ کے آس پاس دو بیانات جاری کیے۔ سدرشن نیوز کے ایڈیٹر سریش چوہانکے نے مارچ میں میانمار کی جانب سے اپنے ”مسلم مسئلے کو ختم کرنے“ کی تعریف کی اور جون میں دوبارہ اسی نوعیت کا بیان دیا۔ پریت سروہی بھی اتم نگر کے تین ویڈیو کلپس میں نظر آئے۔
ایک نیٹ ورک، دو شہر
21 جنوری کو اتر پردیش کے رائے بریلی ضلع کے شیو گڑھ میں منعقدہ ایک ”وراٹ ہندو سمیلن“ کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ایک گروپ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو دو کے بدلے 100 افراد کو قتل کرنے اور ”ان کی 100 لڑکیوں کو بھگا لے جانے“ کی ترغیب دی۔
ایک شہری پرشانت کنوجیا نے 23 جنوری کو اس معاملے میں شکایت درج کرائی۔ 27 جنوری کو اتر پردیش پولیس نے شیو گڑھ پولیس اسٹیشن میں سات افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ ان میں دکش چودھری، ردھیما شرما، پرکاش سنگھ، اکو پنڈت، ابھیشیک ٹھاکر اور خوشبو پانڈے شامل تھے۔ تاہم، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
اس واقعے کے محض چھ ہفتے بعد انہی سات میں سے چار افراد دہلی کے اتم نگر میں موجود تھے، جہاں وہ کیمروں کے سامنے مسلمانوں کے ”انکاو¿نٹر“ کا مطالبہ کر رہے تھے اور انہیں سور کہہ کر مخاطب کر رہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے: ”ایسی ایف آئی آر جس کے بعد نہ گرفتاری ہو اور نہ ہی چارج شیٹ داخل کی جائے، وہ نفرت انگیز تقاریر کو نہیں روکتی۔ اس کے بجائے مقررین کو یہ پیغام ملتا ہے کہ ایف آئی آر سے ان کا کچھ نہیں بگڑنے والا۔“
اتم نگر کے سترہ دن
اتم نگر کی جے جے کالونی ایک بازآبادکاری کالونی ہے، جہاں ہندو اور مسلم خاندان کئی دہائیوں سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ دو پڑوسی خاندانوں، جن میں ایک ہندو اور دوسرا مسلم خاندان تھا، کے درمیان پارکنگ اور کوڑے کرکٹ کے مسئلے
